• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:31pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:56pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:59pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:31pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:56pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:59pm

شادی سے قبل ایک اداکارہ نے جھوٹ بولا کہ سعود نے امریکا میں بیوی رکھی ہوئی ہے، جویریہ

شائع May 22, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اداکارہ، ماڈل و میزبان جویریہ سعود نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے کچھ ہی ہفتے قبل ایک معروف اداکارہ نے ان کے گھر آکر جھوٹ بولا کہ سعود پہلے سے شادی شدہ ہے اور انہوں نے پہلی بیوی کو امریکا میں رکھا ہوا ہے۔

جویریہ اور سعود نے 2005 میں شادی کی تھی اور انہیں رشتہ ازدواج میں بندھے ہوئے تقریبا دو دہائیاں ہو چکی ہیں۔

حال ہی میں جویریہ سعود اداکار ساجد حسین کے شو ’میری ماں‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی والدہ کی زندگی سے متعلق باتیں بتانے کے علاوہ اپنی ذاتی زندگی کی باتیں بھی بتائیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد سرائیکی ہیں اور ان کا آبائی تعلق ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) سے ہے جب کہ ان کی والدہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھتی ہیں لیکن وہ بھارتی شہر جودھپور سے ہجرت کرکے آئے تھے۔

اداکارہ کے مطابق ان کے والد سرکاری ملازم تھے جب کہ شام میں ایک سینما میں پارٹ ٹائم ملازمت کرتے تھے، جہاں ان کی پہلی مرتبہ ان کی والدہ سے ملاقات ہوئی۔

جویریہ سعود نے بتایا کہ ان کی والدہ کی پہلے سے منگنی ہوئی ہوئی تھی لیکن والد کو پسند آنے کے بعد انہوں نے منگیتر سے شادی سے انکار کرکے ان کے والد سے شادی کی۔

اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ کی منگنی میاں والی کے ایک رہائشی سے ہو چکی تھی لیکن سینما میں فلم دیکھنے کے لیے جانے کے بعد وہ ان کے والد کو پسند آگئیں اور دونوں میں محبت ہوگئی تو دونوں نے شادی کرلی۔

پروگرام میں جہاں جویریہ سعود نے اپنی والدہ کی شادی کی داستان بتائی، وہیں انہوں نے اپنی شادی کا ذکر بھی کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ شادی سے قبل ہی انہوں نے اداکاری کو چھوڑ دیا تھا۔

جویریہ سعود کے مطابق ان کی اور سعود کی پہلی ملاقات کراچی میں ہونے والی ایک تقریب میں ہوئی تھی، جہاں سعود کی بڑی بہن سمیت ان کے دیگر رشتے دار بھی آئے ہوئے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں دیکھتے ہی سعود کی بہن نے انہیں پسند کرلیا جب کہ تقریب میں سعود نے گلوکاری کی اور پورا وقت وہ انہیں گھورتے رہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سعود کی بہن نے ان سے موبائل نمبر لیا اور پھر تقریب ختم ہونے کے چند دن بعد سعود کے اہل خانہ رشتہ لے کر ان کی دادی کے ہاں پہنچ گئے، جس پر دادی نے انہیں والدین کے گھر جانے کا کہا۔

جویریہ سعود کے مطابق رشتے کے لیے پہلے سعود ریمبو، شان اور ارباز خان سمیت متعدد اداکاروں کو ایک ساتھ لے کر آئے تھے جب کہ انہوں نے ہوشیاری کی کہ والدہ کے رشتے دار قوال مرحوم امجد صابری کو بھی ساتھ لے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ والدین نے رشتے سے انکار نہیں کیا لیکن سوچنے کے لیے وقت مانگا اور پھر تیسری بار سعود فوجی میجر کو ساتھ لے آئے اور والد کو بتایا کہ اس بار وہ پوچھنے نہیں آئے بلکہ ہاں سننے آئے ہیں، جس پر والد نے بھی رضامندی ظاہر کردی۔

جویریہ کا کہنا تھا کہ رشتہ طے ہوجانے کے بعد سعود نے ان کے والدین سے درخواست کی کہ رشتے کی بات شوبز میں کسی کو نہ بتائی جائے لیکن ہر کسی کو ان کے رشتے کا علم ہوگیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ رشتہ طے ہونے کے بعد ان کے گھر ایک اداکارہ آئیں، جنہوں نے ان کی والدہ کو بتایا کہ سعود نے پہلے بھی شادی کر رکھی ہے اور انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو امریکا میں رکھا ہوا ہے۔

جویریہ سعود کے مطابق اس وقت وہ رمضان المبارک کی وجہ سے اعتکاف میں تھیں، اس لیے انہوں نے سعود سے بات نہیں کی لیکن عید کے موقع پر انہوں نے ان سے بات کرکے انہیں بتایا کہ اداکارہ نے ان کے اہل خانہ کو کیا بتایا ہے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سعود نے انہیں بتایا کہ اسی اداکارہ نے انہیں یہ جھوٹ بولا ہے کہ جویریہ پہلے سے شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہیں۔

اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اداکارہ نے ان کا رشتہ توڑوانے کی کوشش کی لیکن ایسا ہو نہیں سکا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اداکارہ پھر ان کی شادی میں بھی شریک ہوئیں اور ان کی تمام خوشیوں میں پیش پیش رہیں۔

جویریہ سعود نے جھوٹ بولنے والی اداکارہ کا نام نہیں بتایا، تاہم کہا کہ وہ معروف اداکارہ تھیں اور ان کے ساتھ اب بھی ان کا تعلق ہے۔

کارٹون

کارٹون : 10 اکتوبر 2024
کارٹون : 9 اکتوبر 2024