سندھ کے ضلع جامشورو کے علاقے کوٹری میں شدید بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق اور 4 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

کوٹری کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خیر محمد ملاح نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ تیز ہوا کے ساتھ ژالہ باری کے نتیجے میں 7 سالہ عاصمہ، 8 سالہ فرحانہ اور 10 سالہ محمد یوسف دیوار گرنے سے جاں بحق ہوگئے جن کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایس ایچ او نے کہا کہ کوٹری کی کچی آبادی کے علاقوں بروہی چوک اور ببر اسٹاپ پر دیواریں گرنے سے یہ واقعات پیش آئے ہیں جس میں 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

سول ہسپتال کوٹری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ برکت لغاری نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ چار افراد زخمی ہیں اور جاں بحق بچوں کی ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی گئیں۔

جامشورو کے ڈپٹی کمشنر فرید مصطفیٰ نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق ان بچوں کے ورثاء کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

ادھر بارش اور ژالہ باری کے بعد شہر میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوگیا جبکہ متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

دوسری جانب ضلع سانگھڑ میں کچے کے مکان کی دیوار گرنے سے 5 بچے زخمی ہوگئے۔ چار بچے زندہ بچ گئے جبکہ پانچواں دم توڑ گیا۔ اس کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی۔

ادھر ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے پڈعیدن میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگی۔

حیدرآباد الیکٹرک سپلائی سسٹم (حیسکو) نے اپنے بجلی کی ترسیل کے نظام کو نقصان پہنچنے کا دعویٰ کرتے ہوئے زیریں سندھ میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ قرار دیا، سندھ کے کئی اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

خیال رہے کہ 26 مئی کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جارہ کردہ رپورٹ میں رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی تھی جبکہ ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ 28 مئی کو مغربی ہوائیں ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی ، جو 31 مئی تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر موجود رہیں گی جس کے باعث 30 مئی کے دوران بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، نوشکی، نصیرآباد، سبی، قلات، لسبیلہ، خضدار جبکہ سندھ کے اضلاع سکھر، دادو، کراچی، حید رآباد، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہید بے نظیرآباد، میرپور خاص اور خیر پور میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف علاقوں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ 17 مارچ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی تھی۔

کراچی کے ملیر، ماڈل کالونی، ایئر پورٹ، گڈاپ، سرجانی، گلشن اقبال اور گلستانِ جوہر میں بارش اور ژالہ باری ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں