• KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:23am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:31am Sunrise 7:00am
  • KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:23am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:31am Sunrise 7:00am

سونے میں مشکلات سے فالج کے امکانات بڑھنے کا انکشاف

شائع June 8, 2023
—فوٹو: شٹر اسٹاک
—فوٹو: شٹر اسٹاک

امریکی ماہرین کی جانب سے طویل عرصے تک کی جانے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ نیند نہ آنے اور کم نیند کرنے سے فالج کا شکار بنانے والے طبی مسائل ہونے کے امکانات دگنے ہوجاتے ہیں۔

بے خوابی سے متعلق کی جانے والی ماضی کی تحقیقات میں بھی اسے ذہنی اور اعصابی بیماریوں سے جوڑا جا چکا ہے اور یہ بتایا جا چکا ہے کہ نیند کی کمی کئی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔

اب امریکی ماہرین نے 18 سال تک جاری رہنے والی ایک تحقیق کے نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مناسب نیند نہ کرنے اور سونے میں مشکلات سے فالج کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

طبی جریدے ’نیورولاجی‘ میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے 2002 سے 2020 تک 50 سال یا اس سے زائد کی عمر کے 31 ہزار سے زائد افراد پر تحقیق کی۔

تحقیق میں مرد حضرات اور ان کی بیویوں کو شامل کیا گیا اور ان سے نیند کے دورانیے، سونے میں مشکلات اور نیند کے دیگر مسائل سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔

تحقیق شروع کرتے وقت بھی تمام افراد سے سوالات پوچھے گئے اور اس وقت تک کسی بھی شخص میں فالج یا اس طرح کی دوسری علامات نہیں تھیں۔

ماہرین نے ہر سال رضاکاروں سے نیند کے دورانیے، سونے میں مشکلات اور نیند کے دیگر مسائل سے متعلق سوالات پوچھے اور یہ سلسلہ 2020 تک جاری رہا۔

اسی دوران 31 ہزار میں سے دو ہزار سے زائد افراد فالج کا شکار ہوچکے تھے اور جو اس کا شکار ہوئے، وہ نیند کے مسائل سے دوچار ہوگئے تھے۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں کے ڈیٹا اور ان کی صحت کا جائزہ لینے کے بعد نتیجہ اخذ کیا کہ جن افراد میں سونے میں مشکلات اور نیند سے دیگر 5 سے 8 مسائل کا شکار ہوتے ہیں ان میں فالج کے امکانات 50 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔

اسی طرح ماہرین نے نوٹ کیا کہ عام طور پر نیند سے متعلق 5 مسائل بھی فالج کے امکانات کو بڑھا دیتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ حیران کن طور پر معلوم ہوا کہ نیند کے مسائل زائد العمر افراد کے مقابلے کم عمر افراد میں پائے گئے، یعنی بے خوابی کے شکار اکثر افراد 50 سال یا اس سے کم عمر تھے۔

ماہرین کے مطابق زائد العمری میں نیند نہ آنا اور صحت کے دیگر مسائل ہونا عام سی بات ہے لیکن کم عمری میں نیند نہ آنے کے مسائل سے فالج کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرین نے واضح کیا کہ تحقیق میں نیند کے مسائل کا فالج سے تعلق دریافت نہیں کیا گیا بلکہ نیند کے مسائل سے ہونے والی دیگر طبی پیچیدگیوں کی نشاندہی کی گئی اور مذکورہ پیچیدگیاں فالج کا سبب بنتی ہے۔

ماہرین کے مطابق نیند کے مسائل کم عمر افراد میں ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، امراض قلب، ذہنی مسائل اور ڈپریشن سمیت دیگر پیچیدگیاں بڑھا سکتے ہیں اور مذکورہ تمام پیچیدگیاں فالج کے امکانات کو بڑھاتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 دسمبر 2024
کارٹون : 7 دسمبر 2024