خراب موسم کے باعث بھارتی ایئرلائن کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل

اپ ڈیٹ 11 جون 2023
انڈیگو کا طیارہ  رات آٹھ بج کر ایک منٹ پر واپس بھارت پہنچا — تصویر: فیس بک
انڈیگو کا طیارہ رات آٹھ بج کر ایک منٹ پر واپس بھارت پہنچا — تصویر: فیس بک

خراب موسم کی وجہ سے امرتسر سے احمد آباد جانے والی ’انڈیگو‘ ایئر لائنز کی ایک پرواز لاہور کے قریب راستے سے ہٹ کر پاکستانی حدود میں داخل ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پرواز ہفتے کی رات پاکستان کے علاقے گوجرانوالہ میں داخل ہونے کے بعد تقریباً 8 بجے واپس بھارتی فضائی حدود میں چلی گئی۔

فلائٹ ریڈار کے مطابق 454 ناٹس کی زمینی رفتار کے ساتھ بھارتی طیارہ شام ساڑھے 7 بجے لاہور کے شمال میں داخل ہوا اور رات آٹھ بج کر ایک منٹ پر واپس بھارت پہنچا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے کیونکہ خراب موسمی حالات میں اس کی ’بین الاقوامی سطح پر اجازت‘ ہوتی ہے۔

دریں اثنا سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کی روشنی میں ہوائی اڈوں پر خراب نمائش کی وجہ سے کئی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا اور ان میں تاخیر ہوئی۔

سی اے اے کے ترجمان نے کہا کہ اس نے لاہور کے لیے موسم کی وارننگ میں ہفتہ کی رات 11:30 بجے تک توسیع کردی تھی کیونکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حد نگاہ 5 ہزار میٹر تھی۔

لاہور جانے والی متعدد پروازوں کو خراب حد نگاہ کے باعث اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔

دبئی سے اسلام آباد آنے والی اتحاد ایئرویز کی فلائٹ 233 کا رخ ملتان کی طرف موڑ دیا گیا۔

ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 798 کواسلام آباد بھیج دیا گیا جبکہ ریاض سے پشاور آنے والی فلائٹ پی کے 728 کارخ بھی اسلام آباد موڑدیا گیا تاہم وہ واپس پشاور لینڈ کرگئی۔

کراچی سے لاہور جانے والی فلائی جناح کی فلائٹ 846 کا رخ اسلام آباد موڑا گیا، ابوظبی سے اسلام آبادجانے والی فلائٹ پی کے 262 کا رخ ملتان موڑا گیا اور ابوظبی سے اسلام آباد آنے والی فلائٹ اتحاد ایئرویز 324 کا رخ بھی ملتان موڑ دیا گیا۔

جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760 کا رخ ملتان کی جانب موڑا گیا، لاہور سے مدینہ جانے والی فلائٹ پی کے747 تین گھنٹے 20 منٹ تاخیرکا شکار ہوئی اور دبئی سے لاہور آنے والی اتحاد ایئر ویز کی پرواز 243 کو ملتان بھیج دیا گیا۔

اس کے علاوہ لاہور سے ابوظبی جانے والی فلائٹ اتحاد ایئرویز 244 تین گھنٹے 5 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی، کراچی سے لاہور جانے والی فلائٹ پی آئی اے 406 پینتیس منٹ تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ لاہور سے جدہ جانے والی فلائٹ سیرین ایئر 821 آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کر دی گئی۔

اسی طرح شارجہ سے لاہور جانے والی فلائٹ پی کے 186 کا رخ فیصل آباد کی طرف موڑ دیا گیا، کراچی سے لاہور جانے والی فلائٹ فلائی جناح 9پی 846 کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا، جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی فلائٹ فلائی جناح 9پی847 دو گھنٹے 25منٹ تاخیر کاشکار ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں