• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm

روز اپنی موت کی تمنا کرتی ہوں، صحیفہ جبار کا ذہنی مسائل کا اعتراف

شائع June 12, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے اپنے شدید ذہنی مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ 60 دن سے پرسکون نیند نہیں کرپائیں، وہ بہت مایوس اور اداس ہیں اور وہ گزشتہ دو ماہ سے ہر روز اپنی موت کی تمنا کرتی ہیں۔

صحیفہ جبار نے اپنی سلسلہ وار انسٹاگرام اسٹوریز میں ذہنی صحت پر بات کرتے ہوئے ذہنی مسائل میں مبتلا رہنے کا اعتراف کرتے ہوئے مداحوں سے اپنی صحت یابی کی دعا کی اپیل بھی کی۔

ساتھ ہی ماڈل و اداکارہ نے اپنی اسٹوریز میں شوہر کے تعاون اور ان کی محبتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس پر بات بھی اظہار افسوس کیا کہ ان کے شوہر ان سے کافی دور رہ کر نہ جانے کس حال میں ہوں گے اور ان کی پریشانی کو کس طرح برداشت کر رہے ہوں گے۔

ماڈل نے لکھا کہ انہیں اپنی موجودہ حالات کو سمجھنے اور انہیں قبول کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، وہ بہت ہی غمگین، مسائل سے دوچار، بے سکون اور مایوس ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ان کے ساتھ کیا اور کیوں ہو رہا ہے، وہ گزشتہ 60 دن سے سکون کی نیند نہیں کر سکیں، ان کا وزن 12 کلو تک کم ہوگیا ہے، ان کے اہل خانہ ان کی پریشانی دیکھ کر افسردہ رہتے ہیں۔

صحیفہ جبار خٹک نے لکھا کہ دراصل ان کی اپنی ذات سے لڑائی ہے، وہ اپنی وجہ سے ہی تکلیف کا شکار ہیں اور انہیں مذکورہ تکلیف سے اور کوئی آکر نہیں نکال سکتا، انہیں خود ہی اپنا درد برداشت کرنا ہے اور اس سے باہر آنا ہے۔

ان کے مطابق وہ اس قدر مایوس ہو چکی ہیں کہ انہیں کہیں سے کوئی روشنی نظر نہیں آتی، وہ ہر روز اپنی موت کی تمنا کرتی ہیں، انہیں اسی میں حل نظر آتا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ جانتی ہیں کہ وہ ان مسائل سے ضرور نکلیں گی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کے پاس عیاشی کی ہر چیز موجود ہے، اسے کس چیز کی پریشانی ہے تو میں ایسے افراد کو بتانا چاہتی ہیں کہ دولت اور عیاشی کی ہر چیز آپ کو سکون نہیں دلا سکتی۔

صحیفہ جبار خٹک نے لکھا کہ وہ مذکورہ انسٹاگرام اسٹوریز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے ایک پرتعیش ہوٹل کے آرامدہ بسترے پر لیٹ کر لکھ رہی ہیں لیکن وہ بے سکون ہیں، وہ تکلیف میں ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ خوشی اور روح کو عیاشی کی ضرورت نہیں ہوتی، روح کو قیمتی گاڑی، پیسہ اور دیگر چیزوں کی ضرورت نہیں ہوتی، اسے صرف سکون درکار ہوتا ہے اور سکون ہر کسی کو میسر نہیں ہوتا اور نہ ہی اسے دولت سے خریدا جا سکتا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ نے ذہنی مسائل پر بات کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ انہیں معلوم ہے کہ انہوں نے مذکورہ جنگ تنہا لڑنی ہے اور ایک دن وہ اس مایوسی سے نکل کر صحت یاب ہوجائیں گی۔

انسٹاگرام اسٹوریز میں انہوں نے ان تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں نیک خواہشات کے پیغامات بھجوائے۔

انہوں نے لکھا کہ انہوں نے تمام افراد کے سب میسیجز پڑھے ہیں، وہ ان تمام افراد کی مشکور ہیں، جنہوں نے ان کی صحت یابی کی دعائیں کیں۔

صحیفہ جبار نے لکھا کہ پیغامات بھجوانے والے افراد نے ہی انہیں احساس دلایا کہ ابھی تک دنیا میں احساس اور پیار موجود ہے اور انسان ایک دوسرے کے لیے فکر مند ہیں۔

انہوں نے اپنی اسٹوریز میں شوہر سمیت اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اعتراف کیا کہ وہ سب ان کی وجہ سے پریشان ہیں۔

صحیفہ جبار خٹک نے مداحوں سے اپنی صحت یابی سمیت اہل خانہ کے لیے بھی دعاؤں کی اپیل کی۔

اگرچہ صحیفہ جبار خٹک نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ذہنی مسائل پر کھل کر باتیں لکھیں، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہیں کس وجہ سے ذہنی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 7 دسمبر 2024
کارٹون : 6 دسمبر 2024