صحیفہ جبار نے طلاق کی خبروں پر وضاحت دے دی

02 نومبر 2022
اداکارہ نے 2017 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے 2017 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار نے سوشل میڈیا پر شوہر سے علیحدگی اور طلاق کی افواہیں وائرل ہونے کے بعد واضح کیا ہے کہ ان کے درمیان کسی طرح کا کوئی تنازع نہیں۔

صحیفہ جبار نے انسٹاگرام اسٹوریز میں واضح کیا کہ ان کے اور شوہر خواجہ خضر حسین کے درمیان کسی طرح کے کوئی اختلافات نہیں، وہ اپنے اپنے منصوبوں اور کاموں کی وجہ سے ایک دوسرے سے دور ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے لیے کینیڈا میں موجود ہیں اور ان کی پریشانی ختم کرنے کے لیے ان کے پاس بہترین کلاس فیلوز موجود ہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

صحیفہ جبار نے کہا کہ وہ بھی کینیڈا جانے کے لیے اپنے ویزا کا انتطار کر رہی ہیں، تاہم وہ خود کو مصروف رکھنے کے لیے شوبز کے کاموں میں لگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے اسٹوری میں واضح کیا کہ لوگ ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق پریشان نہ ہوں، ان کی زندگی پہلے سے زیادہ بہتر اور پرسکون ہے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

انہوں نے ایک اور اسٹوری میں بتایا کہ حال ہی میں جب انہوں نے بازوں پر بنے ایک ٹیٹو کو ہٹوانے کی ویڈیو شیئر کی تو ان کے مداحوں نے سمجھا کہ شاید ان کی طلاق ہوچکی ہے، جس وجہ سے ہی وہ ٹیٹو ہٹوا رہی ہیں۔

صحیفہ جبار نے لکھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انہوں نے ٹیٹو کو ہٹوانے کی ویڈیو شیئر کی ہو بلکہ اس سے قبل بھی وہ ٹیٹوز کو ہٹوانے کی ویڈیوز شیئر کر چکی ہیں لیکن پہلے لوگوں نے کبھی ان کی زندگی سے متعلق ایسا نہیں سوچا۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اداکارہ نے لکھا کہ اس بار ان کی جانب سے ٹیٹو ہٹوانے کی ویڈیو شیئر کرنے پر لوگوں نے سوچا کہ شاید ان کی شوہر سے علیحدگی یا طلاق ہوچکی ہے، جس وجہ سے وہ ٹیٹو ہٹوا رہی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے، ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان پہلے سے زیادہ اچھے تعلقات ہیں اور ان کی زندگی پرسکون گزر رہی ہے، البتہ وہ اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے دور ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ لوگ اطمینان رکھیں، وہ شوہر کے چہرے کا ٹیٹو نہیں ہٹوا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ صحیفہ جبار نے 6 دسمبر 2017 کو دیرینہ دوست خواجہ خضر حسین سے شادی کی تھی اور شادی کے تقریباً 3 سال بعد انہوں نے ویڈنگ فوٹو شوٹ کروایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں