یمنیٰ زیدی آسکر ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ ہیں، نادیہ جمیل

اپ ڈیٹ 25 جون 2023
نادیہ جمیل نے کہا کہ جب میں اس کی پرفارمنس کو دیکھتی ہوں تو مجھے اس میں انٹرنیشنل اسٹار نظر آتا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نادیہ جمیل نے کہا کہ جب میں اس کی پرفارمنس کو دیکھتی ہوں تو مجھے اس میں انٹرنیشنل اسٹار نظر آتا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی کی سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے سماجی پلیٹ فارم پر یمنیٰ زیدی کی بے انتہا تعریفیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ ایسی اداکارہ ہیں جو آسکر ایوارڈ بھی جیت سکتی ہیں‘۔’

نادیہ جمیل کی ایک ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہورہی ہے جہاں انہیں یمنیٰ زیدی کی تعریفیں کرتے سنا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں وہ کہتی ہیں کہ ’یمنیٰ زیدی بہت کچھ کرسکتی ہے، جب میں اس کی پرفارمنس کو دیکھتی ہوں تو مجھے اس میں انٹرنیشنل اسٹار نظر آتا ہے، وہ ایسی اداکارہ ہیں جو آسکر ایوارڈ بھی جیت سکتی ہیں‘۔

اس ویڈیو کے بعد ٹوئٹر پر مداحوں کی جانب سے نادیہ جمیل سے یمنیٰ زیدی پر کی جانے والی حالیہ تنقید کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔

نادیہ جمیل نے متعدد ٹوئٹس پر یمنیٰ زیدی کی اداکاری کی تعریفیں کی، ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میں یمنیٰ کو بہت سراہتی ہوں، ان کا کام ان کے لیے بولتا ہے‘۔

نادیہ جمیل اور یمنیٰ زیدی کو ایک ساتھ ڈرامے میں کام کرنے سے متعلق سوال پر انہوں ٹوئٹ کیا کہ ’میں زیادہ پروجیکٹ میں کام نہیں کرتی، لیکن یمنیٰ کے ساتھ ایک بہترین پروجیکٹ پر کام کرنا دلچسپ تجربہ ہوگا‘۔

ایک اور ٹوئٹ پر انہوں نے یمنیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پوری قوم جانتی ہے کہ یمنیٰ انتہائی باصلاحیت ہے، اس میں ہر کوئی حیران کیوں ہے؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ یمنیٰ کے پاس کوئی عام ہنر نہیں ہے بلکہ وہ ایک شاندار اداکارہ ہیں، میں اداکاری کو بہت سنجیدگی سے لیتی ہوں، جب میں کسی کو دیکھتی ہوں تو پہنچان جاتی ہوں کہ ایک اچھا اداکار کون ہے’۔

نادیہ نے یمنیٰ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی انہیں خود نہیں معلوم کہ ان کے اندر کون سی صلاحیتیں موجود ہیں، اس نوجوان لڑکی کے اندر بہت زیادہ ہنر ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ بہترین اداکاروں میں سے ایک ہے‘۔

مداح نے ایک ٹوئٹ پر نادیہ افگن کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ ’نادیہ افگن سمجھتی ہیں کہ یمنیٰ ایک اوور ریٹڈ اداکارہ ہیں۔‘

جس پر نادیہ نے جواب دیا کہ ’یہ نادیہ افگن کی رائے ہے، انہیں اپنی رائے کا اظہار کرنے کا پورا حق ہے، میرے خیال سے یمنیٰ بہت زیادہ تعریف کی مستحق ہے، وہ ایک محنتی، ورسٹائل اداکار ہے جو خوبصورت کردار تخلیق کرتی ہیں اور لاکھوں لوگوں کو تفریح ​​فراہم کرتی ہیں، وہ اپنے ہنر پر سخت محنت کرتی ہیں میں بھی ان کا احترام کرتی ہوں۔ ’

انہوں نے مزید کہا کہ ’میرا یہ بھی ماننا ہے کہ کوئی اداکار اچھا یا بُرا نہیں ہوتا، بلکہ اچھی اور کمزور پرفارمنس معنی رکھتی ہے، بہت سے اداکار میں دونوں طرح کی پرفارمنس ہوتی ہیں لیکن یمنیٰ زیدی نے بہت سارے شاندار پرفارمنس اپنے نام کیے ہیں، ثانیہ سعید یا سمیعہ ممتاز کی طرح وہ اپنے فن کو سنجیدگی سے لیتی ہیں۔

نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ ’لوگوں کو اپنی رائے دینے کا حق ہے،جب تک لوگ احترام کے دائرے میں رہ کر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے یہ دنیا آزاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ کہتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہوں کہ میں یمنیٰ زیدی کی مداح ہوں، وہ ایک ایماندار، مخلص اور نایاب انسان ہیں۔‘

نادیہ جمیل نے اپنے پسندیدہ ڈراموں کے حوالے سے بھی بات کی، انہوں نے ڈراموں کی فہرست شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ’ڈراما تیرے بن میں یمنیٰ زیدی اور وہاج کی کیمسٹری بہت پسند ہے‘۔

نادیہ جمیل کہتی ہیں کہ ’یمنیٰ کا کام ان کے لیے بولتا ہے، انہیں معلوم ہے کہ وہ کیا کررہی ہیں، اپنے اوپر بھروسہ رکھیں اور لوگوں کو اپنی مختلف رائے کا اظہار کرنے دیں۔‘

نادیہ جمیل نے وہاج علی کی بھی تعریف کی، انہوں نے لکھا کہ ’وہاج بہترین اداکاروں میں سے ایک ہے، مجھے ان پر فخر ہے کہ وہ اس مقام تک پہنچے ہیں اور ابھی تو کہانی شروع ہوئی ہے، انشااللہ وہ مزید کامیابیاں سمیٹیں گے، انہیں صرف اپنے اپنے کردار کے لیے بہترین ڈائریکٹرز، لکھاری اور اچھی ٹیم کی ضرورت ہے۔‘

یاد رہے کہ جیو ٹی وی انٹرٹینمنٹ کے ڈراما سیریل ’تیرے بن‘ کے بعد یمنیٰ زیدی پر کئی اداکاروں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی، حال ہی میں نادیہ افگن نے ایک پرورگرام میں کہا کہ تھا ’یمنیٰ زیدی اوور ریٹڈ اداکارہ ہیں۔‘

اسی دوران نادیہ جمیل نے ایک بار پھر اپنی کم عمری میں جنسی ہراساں کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی عمر میں ہی انہیں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، انہیں تب اس کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ آج میں 50 سال کی ہوں، آج میرے اندر طاقت ہے، قوت ہے اور خود اعتمادی ہے اور بہت عزت کے ساتھ کہتی ہوں، یہ میرے لیے شرم کی بات نہیں ہے، نہ کبھی تھی اور نہ کبھی ہوگی۔’

اسی حوالے سے نادیہ جمیل نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے کہا کہ ’میں اس واقعہ کو دنیا سے کیوں چھپاؤں؟ پاکستان میں ہزاروں بچے ریپ کا شکار ہوتے ہیں، اور ان کی لاشیں کچرے سے ملتی ہیں، کیوں؟ کیونکہ آپ جیسے لوگوں کو لگتا ہے کہ بچوں کو ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو شیئر نہیں کرنا چاہیے؟ اس قسم کی بگڑی ہوئی سوچ متاثرہ کو وہ شرم محسوس کرنے پر مجبور کرتی ہے جو ریپ کرنے والے کو محسوس کرنی چاہیے تھی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اللہ نے مجھے بچوں کے ریپ سے متعلق بات کرتے کی طاقت دی ہے تاکہ اس کا شکار ہونے والے دوسرے لوگ شرمندہ نہ ہوں۔’

تبصرے (0) بند ہیں