یمنیٰ زیدی فلموں میں بھی جلوے دکھانے کو تیار

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2023
ابھی واضح نہیں کہ فلم کب تک ریلیز ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام
ابھی واضح نہیں کہ فلم کب تک ریلیز ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام

ڈراموں کی مقبول اداکارہ یمنیٰ زیدی عربی کے بعد جلد ہی اپنی پہلی پاکستانی فلم میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی، جس کی تصدیق انہوں نے خود کردی۔

یمنیٰ زیدی نے 2005 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا مگر وہ تاحال کسی بھی پاکستانی فلم میں دکھائی نہیں دی تھیں مگر اب جلد ہی وہ بڑے پردے میں جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

پہلی پاکستانی فلم میں کاسٹ کیے جانے سے قبل مئی 2022 میں یمنیٰ زیدی پاکستانی نژاد امریکی ہدایت کار اجمل ظہیر کی عرب ماحول پر بنائی جانے والی انگیریز فلم ’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ میں کاسٹ کی گئی تھیں۔

یمنیٰ زیدی عالمی فلم کے بعد اب پاکستانی فلم میں بھی کاسٹ کرلی گئیں اور ان کی پہلی مقامی فلم ’نایاب‘ کا موشن پوسٹر بھی جاری کردیا گیا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ’نایاب‘ کو موشن پوسٹر جاری کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی بڑے پردے پر دکھائی دیں گی اور انہیں فلموں میں کام کرنے پر بہت خوشی ہے۔

انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ ان کے ساتھ سینیئر اداکار جاوید شیخ اور محمد فواد خان بھی دکھائی دیں گے۔

ان کی جانب سے شیئر کیے گئے موشن پوسٹر کے مطابق ’نایاب‘ فلم کی ہدایات عمیر ناصر علی نے دی ہیں جب کہ اس کی کہانی علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھی ہے۔

ان کی پہلی فلم کے جاری کیے گئے موشن پوسٹر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی خاتون کرکٹر کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

موشن پوسٹر سے معلوم ہوتا ہے کہ یمنیٰ زیدی فلم میں کرکٹر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’نایاب‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں سال کے وسط تک پیش کردیا جائے گا۔

اگر یمنیٰ زیدی کی پاکستانی فلم سے پہلے عرب ماحول پر بننے والی امریکی فلم ریلیز ہوئی تو یمنیٰ زیدی کا شمار بھی ان اداکاروں میں ہوجائے گا، جنہوں نے ملک سے پہلے غیر ملکی فلموں میں کام کیا۔

یمنیٰ زیدی سے قبل ماورہ حسین بھی پاکستانی کے بجائے بولی وڈ فلموں سے کیریئر کا آغاز کر چکی ہیں جب کہ سجل علی نے بھی پہلے بھارتی اور بعد ازاں پاکستانی فلموں میں کام کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں