بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل ہونے والے 5 ججوں نے حلف اٹھالیا

اپ ڈیٹ 27 جون 2023
وزارت قانون نے قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد ججز مسقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا — فائل فوٹو: بلوچستان ہائی کورٹ ویب سائٹ
وزارت قانون نے قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد ججز مسقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا — فائل فوٹو: بلوچستان ہائی کورٹ ویب سائٹ

وفاقی وزارت قانون کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ کے 5 ججوں کو مستقل کرنے کی منظوری دینے کے بعد پانچوں ججوں نے اپنے منصب کا حلف اٹھالیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل ہونے والے 5 ججوں کی تقریب حلف برداری صوبائی ہائی کورٹ میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان، سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور بلوچستان ہائی کورٹ کے دیگر ججوں سمیت وکلا برادری اور حلف اٹھانے والے ججوں کے اہل خانہ شریک تھے۔

اس موقع پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے مستقل ہونے والے ججوں جسٹس محمد عامر نواز، جسٹس اقبال کاسی، جسٹس شوکت رخشانی، جسٹس گل حسن ترین اور جسٹس سردار احمد حلیمی سے حلف لیا۔

سپریم جوڈیشل کمیشن نے 7 جون کو بلوچستان ہائی کورٹ کے 5 ججوں کو مستقل کرنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد آج وفاقی وزارت قانون نے قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد ججوں کو مستقل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا تھا۔

جن ججوں کو مستقل کیا گیا ہے ان میں جسٹس محمد عامر نواز ، جسٹس اقبال کاسی، جسٹس شوکت رخشانی، جسٹس گل حسن ترین، جسٹس سردار احمد حلیمی شامل ہیں۔

چیف جسٹس نعیم اختر افغان سمیت بلوچستان ہائی کورٹ میں مستقل ججوں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ان تمام پانچوں ججوں کو گزشتہ سال 7 جولائی کو بلوچستان ہائی کورٹ میں تعینات کیا گیا تھا۔

گزشتہ سال جون میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے پانچ ایڈووکیٹس کو جج بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارش پر ان پانچوں ایڈووکیٹس کو جج کے منصب پر فائز کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں