نمکین گوشت ایسا مزیدار پکوان ہے جس کا تعلق خیبرپختونخوا اور اس سے ملحقہ خطوں جیسے افغان، قبائلی علاقہ جات اور وسطی ایشیاء سے ہے جہاں کے پکوان ہمارے مقامی نمکین گوشت سے ملتے جلتے ہوتے ہیں اور وہاں انہیں بہت مزے لے کر کھایا جاتا ہے۔

گوشت سے بنے پکوان پہاڑی لوگوں کے دل پسند ہوتے ہیں جہاں گوشت کا استعمال خطے کے سخت نشیب و فراز کے مقابلے کے ساتھ ساتھ خود کو مضبوط اور گرم رکھنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

اسے منہ میں گھل جانے کی حد تک نرم کیا جاتا ہے کیونکہ دھیمی آنچ میں پکانے اور کم سے کم اجزاء کا استعمال اسے گوشت کے چاہنے والوں کا ہر دور کا پسندیدہ پکوان بنا دیتا ہے۔

فائل فوٹو: نیٹ میڈ ڈاٹ کام
فائل فوٹو: نیٹ میڈ ڈاٹ کام

نمکین گوشت، گوشت کا ایک مزیدار لیکن سادہ پکوان ہے۔ روایتی طور پر بکرے کے گوشت کے چھوٹے ٹکڑوں کو ادرک، نمک، کالی مرچ اور/ یا سبز مرچوں کے ساتھ اسے پکایا جاتا ہے اور خوردنی تیل کے بجائے جانور کی چربی کو ترجیح دی جاتی ہے۔

فائل فوٹو: ہر لائف
فائل فوٹو: ہر لائف

اجزاء

چوتھائی سے آدھا چائے کا چمچ کالی مرچ پاﺅڈر

ایک کلو بکرے کی ران کا گوشت چھوٹے ٹکڑوں میں کٹا ہوا

ڈیڑھ سے دو چائے کے چمچ تازہ کٹی ہوئی ادرک

چار سے پانچ سبز مرچیں

نمک حسب ذائقہ

چوتھائی سے آدھا کپ تیل، تاہم تازہ گوشت میں جانور کی چربی بھی کافی ثابت ہوتی ہے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

طریقہ کار

تیل کو مکمل طور پر ڈھکے ہوئے برتن میں گرم کریں، سبز مرچوں اور ادرک کو اس میں ایک منٹ کے لیے تل لیں اور پھر گوشت، نمک، ٹماٹر اور کالی مرچ شامل کرلیں، تیز آنچ پر انہیں کچھ دیر تک چمچ سے اس وقت تک ہلاتے رہیں جب تک گوشت سے رس خارج نہیں ہونے لگتا۔

اب برتن کو ڈھکن سے بند کرکے ہلکی سے درمیانی آنچ میں کچھ منٹ تک ابال دیں، پھر آنچ کو ہلکا کردیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک گوشت نرم ہوکر ہڈیوں سے گرنے نہیں لگتا۔

گوشت سے نکلنے والا پانی بتدریج بھاپ بن کر اڑ جائے گا ، سست روی سے پکانا ہی اس کو بہترین بناتا ہے۔ ممکن ہو تو اس میں پانی ڈالنے گریز کریں تاہم ضرورت پڑنے پر تھوڑی مقدار ڈال کر پکانے کے عمل کو پورا کرلیں۔

نمکین گوشت کو نان، لیموں اور کٹی ہوئی پیاز کے ساتھ پیش کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں