آئی سی سی کا خواتین اور مردوں کی کرکٹ ٹیموں کی انعامی رقم مساوی کرنے کا اعلان

13 جولائ 2023
خواتین کی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں مردوں کے برابرانعامی رقم ملے گی—فوٹو: اے ایف پی
خواتین کی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں مردوں کے برابرانعامی رقم ملے گی—فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے میں انعامی رقم کے حوالے سے کوئی تفریق نہیں ہوگی اور آج کے بعد تمام ٹورنامنٹس میں دونوں کی انعامی رقم مساوی ہوگی۔

آئی سی سی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ گورننگ باڈی نے کہا ہے کہ ٹی20 اور ایک روزہ ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹس میں ٹیمیں ایونٹ کے اختتام پر ان کی پوزیشن اور جیت کی بنیاد پر برابر انعامی رقم حاصل کریں گی۔

خبرایجنسی اے ایف کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ ہمارے کھیل کی تاریخ میں یہ ایک اہم لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ آئی سی سی کے بین الاقوامی ایونٹس میں مقابلہ کرنے والے مرد اور خواتین کرکٹرز کو اب مساوی انعام دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مردوں کے ایک روزہ ورلڈ کپ 2019 میں انعامی رقم ایک کروڑ ڈالر تھی اور خواتین کے ورلڈ کپ 2022 میں اس سے تین گنا کم 35 لاکھ ڈالر انعامی رقم تھی۔

اس سے قبل فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا اپنے ورلڈ کپ میں مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو برابر انعامی رقم نہ دینے پر تنقید کی زد میں آگئی تھی۔

خواتین کے اگلے فٹ بال ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کی شرکت کی فیس سمیت انعامی رقم 15 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہوگی جو کہ قطر میں منعقدہ ورلڈ کپ 2022 میں تمام فٹ بال ٹیموں کو ادا کیے گئے 44 کروڑ ڈالر سے کئی گنا کم ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں