گلگت بلتستان: دیامر میں سیاحوں کی بس کھائی میں گرگئی، 5 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2023
ہائی روف گاڑی لاہور سے گلگت آرہی تھی جس میں 18 سیاح سوار تھے — فوٹو: امتیاز علی تاج
ہائی روف گاڑی لاہور سے گلگت آرہی تھی جس میں 18 سیاح سوار تھے — فوٹو: امتیاز علی تاج

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے تھلیچی کے قریب شاہراہ قراقرم پر سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 12 سیاح زخمی ہوگئے۔

دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) محمد ایاز نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مقامی لوگوں نے ریسکیو میں مدد کی، ہائی روف گاڑی لاہور سے گلگت آرہی تھی جس میں 18 سیاح سوار تھے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہنزہ میں 2 ٹریفک حادثات میں 5 سیاح جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے، ایک حادثے میں ایک وین کھائی میں جاگری تھی اور دوسرے حادثے میں وین پہاڑ سے ٹکرا گئی تھی۔

گزشتہ ماہ اپر دیر سے چترال جانے والی ڈاٹسن گاڑی کھائی میں گرنے سے 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

12 جون کو آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً 28 زائرین سے بھری ایک کوسٹر حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور دیگر شدید زخمی ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی کوٹلی ریاض مغل نے بتایا تھا کہ جب یہ کوسٹر ضلع کوٹلی اور میرپور کی سرحد پر واقع گاؤں جارائی کے قریب پہنچی تو علاقے سے ناواقف ڈرائیور کی غفلت کے باعث کھائی میں گر گئی۔

یکم مئی کو آزاد جموں و کشمیر میں لاہور سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہو کر دریائے نیلم میں جاگری تھی، جس کے نتیجے میں ایک سیاح جاں بحق ہوگیا تھا۔

7 فروری کو خیبرپختونخوا کے علاقے شتیال میں مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، مسافر بس گلگت بلتستان سے راولپندی جا رہی تھی۔

ایس ایس پی شیر خان نے بتایا تھا کہ مسافر بس اور کار ٹکرنے کے بعد کھائی میں جاگری، جاں بحق ہونے والوں میں 16 افراد بس میں سوار تھے اور 5 افراد کار میں موجود تھے جبکہ دیگر 12 مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں