راجن پور: ڈرائیور کی آنکھ لگنے سے مسافر بس الٹ گئی، 5 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2023
مسافر بس سخی سرور سے جیکب آباد جارہی تھی — فوٹو: ڈان نیوز
مسافر بس سخی سرور سے جیکب آباد جارہی تھی — فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے فاضل پور میں ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیور کی آنکھ لگنے سے تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ انچارج ریسکیو ڈاکٹر اسلم کے مطابق زخمیوں کو فاضل پور ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچوں اور ایک خاتون سمیت 5 افراد شامل ہیں، حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے سبب ہوا، مسافر بس سخی سرور سے جیکب آباد جارہی تھی۔

قبل ازیں ترجمان ریسکیو 1122 فاروق احمد نے بتایا تھا کہ ریسکیو 1122 نے 21 افراد کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کردیا ہے، اس افسوس ناک واقعے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واضح رہے کہ رواں برس متعدد ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں جن کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ ماہ 25 جون کو نواب شاہ میں دوڑ تھانے کی حدود بلوچ پور اسٹاپ کے قریب 2 مسافر کوچز میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوگئے تھے۔

17 جون کو اسلام آباد-لاہور موٹروے پر کلر کہار کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 31 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

26 اپریل کو ٹھٹہ میں قومی شاہراہ چلیا کے قریب ٹرک اور وین کے تصادم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

16 اپریل کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ-کراچی نیشنل ہائی وے پر ٹرک اور کار میں تصام کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا تھا۔

قبل ازیں فروری میں کلر کہار کے قریب ایک بس کھائی میں گرنے سے پہلے 2 کاروں اور ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 64 زخمی ہوگئے تھے، حادثے کی وجہ بظاہر ٹائر کے پھٹنے کو قرار دیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں