روس کا 3 یوکرینی ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2023
سٹی میئر نے کہا کہ ڈرون حملوں میں شہر کے دو دفاتر کے ٹاورز کے اگلے حصے کو تھوڑا نقصان پہنچا — فوٹو: رائٹرز
سٹی میئر نے کہا کہ ڈرون حملوں میں شہر کے دو دفاتر کے ٹاورز کے اگلے حصے کو تھوڑا نقصان پہنچا — فوٹو: رائٹرز

روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اتوار کے روز علی الصبح ماسکو کی جانب بھیجے گئے 3 یوکرینی ڈرون تباہ کردیے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس حملے کے باعث ایک انٹرنیشنل ایئر پورٹ مختصر مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔

ایک ڈرون کو شہر کے مضافات میں گرایا گیا، دیگر 2 ڈرونز کو الیکٹرانک وارفیئر سے قابو کیا گیا اور ایک دفتر کے احاطے میں تباہ کیے گئے، کارروائی کے دوران کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

تنازع کے دوران یوکرین کی سرحد سے تقریباً 500 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقے روس ۔ یوکرین تنازع کے دوران شاذ و نادر ہی نشانہ بنائے گئے، تاہم رواں سال کے دوران یہاں کئی ڈرون حملے ہو چکے ہیں۔

اتوار کے روز رپورٹ ہونے والا یہ حملہ روس اور یوکرین کی سرحد کے قریب روسی قصبوں پر ہونے والے حالیہ ڈرون حملوں کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے جب کہ روس نے اس کا الزام یوکرین پر لگایا ہے۔

روسی وزارت دفاع نے اسے ’دہشت گردی کی کوشش‘ قرار دیا، روسی وزیر دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ 30 جولائی کی صبح ماسکو شہر میں بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کے ذریعے یوکرینی حکومت کی دہشت گردانہ حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یوکرینی یو اے وی کو ماسکو کے ضلع اوڈنٹسوو میں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا میں تباہ کر دیا گیا، دو مزید ڈرونز کو قابو کیا گیا اور وہ کنٹرول کھونے کے بعد غیر رہائشی عمارت کے احاطے میں گر کر تباہ ہو گئے۔

سٹی میئر نے ٹیلی گرام پر جاری پیغام میں کہا کہ ڈرون حملوں میں شہر کے دو دفاتر کے ٹاورز کے اگلے حصے کو تھوڑا نقصان پہنچا، تاہم کوئی شخص متاثر یا زخمی نہیں ہوا۔

ہوائی اڈے کو مختصر وقت کے لیے بند کر دیا گیا

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’طاس‘ نے رپورٹ کیا کہ دارالحکومت کے ایئر پورٹ کو آمد اور روانگی کے لیے بند کر دیا گیا، اس دوران پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔

ایک گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا، رواں ماہ کے شروع میں ڈرون حملوں کے بعد اس ایئر پورٹ کو ہوائی ٹریفک کے لیے مختصر مدت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

یہ حالیہ حملے فروری 2022 میں شروع ہونے والے روس حملے کے بعد قبضہ کیے گئے علاقوں کو واپس لینے کے لیے یوکرین کی جوابی کارروائی کے دوران کیے گئے ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس طرح کے حملے امریکا اور اس کے نیٹو اتحادیوں کی جانب سے یوکرین حکومت کو فراہم کی جانے والی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہوں گے۔

جمعہ کے روز روس نے کہا کہ یوکرین کی سرحد سے متصل اس کے جنوبی علاقے میں 2 میزائلوں کو روکا گیا جن کا ملبہ گرنے سے کم از کم 16 افراد زخمی ہوئے۔

اس کے بعد اس نے کہا کہ اس نے ایک اور میزائل مار گرایا جس کا ملبہ غیر آباد علاقے میں گرا، حکام نے بتایا کہ سرحد کی دوسری جانب جنوبی شہر میں کیے گئے روسی حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

یوکرینی قومی پولیس کے مطابق شمال مشرقی شہر پر میزائل حملے میں کم از کم ایک شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی کے اوائل میں اسی شہر میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت پر روسی ڈرون حملہ ہوا جس میں 3 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں