الیکشن کمیشن کے حکم پر بلوچستان کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2023
نئی تعیناتیوں کی فہرست صوبائی الیکشن کمیشن کو ارسال کردی گئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
نئی تعیناتیوں کی فہرست صوبائی الیکشن کمیشن کو ارسال کردی گئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سفارش پر عمل کرتے ہوئے بلوچستان کی عبوری حکومت نے کمشنرز، ڈی آئی جیز اور سیکریٹریز سمیت اعلیٰ عہدوں پر فائز متعدد افسران کے تبادلے کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان کے تمام 8 انتظامی ڈویژنز کے کمشنرز کے تبادلے کر دیے گئے۔

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) میں انفارمیشن سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دینے والے گریڈ 20 کے افسر محمد حمزہ شفقات کو کوئٹہ ڈویژن کا کمشنر تعینات کر دیا گیا۔

وہہ ایس اینڈ جی اے ڈی میں تعینات سہیل الرحمٰن کی جگہ رپورٹ کریں گے۔

بلوچستان سول سروس (بی سی ایس) کے گریڈ 20 کے افسر بشیر احمد بازئی، داؤد خان خلجی کی جگہ قلات ڈویژن کے کمشنر کا عہدہ سنبھالیں گے جب کہ داؤد خان خلجی ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کریں گے۔

گریڈ 20 کے بی سی ایس افسر بالاچ عزیز کو محمد گل کی جگہ لورالائی ڈویژن کا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

ژوب ڈویژن کے کمشنر کے طور پر خدمات انجام دینے والے گریڈ 20 کے بی سی ایس افسر سعید احمد عمرانی، سید فیصل احمد کی جگہ کمشنر مکران کا عہدہ سنبھالیں گے، سید فیصل احمد کو محکمہ میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پوسٹنگ کے منتظر جاوید انور شاہوانی ژوب ڈویژن کے نئے کمشنر ہوں گے۔

رخشان ڈویژن اب طارق الرحمٰن کی جگہ گریڈ 20 کے بی سی ایس افسر شاہ عرفان احمد غرشین کی سربراہی میں ہوگا۔

سبی ڈویژن کے کمشنر کے طور پر خدمات انجام دینے والے سینئر بیوروکریٹ شاہد سلیم قریشی کو محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔

بی سی ایس گریڈ 20 کے افسر بشیر احمد بنگلزئی کمشنر نصیر آباد ڈویژن کا چارج چھوڑ دیں گے، ان کی جگہ محکمہ محنت و افرادی قوت کے سیکریٹری طارق قمر بلوچ کو تعینات کیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ایک علیحدہ نوٹیفکیشن میں پولیس افسران کے تبادلے بھی کر دیے گئے۔

اگست میں کوئٹہ کے ڈی آئی جی کے طور پر تعینات ہونے والے اعتزاز احمد گورایہ کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بلوچستان کے ڈی آئی جی کے طور پر ان کی سابقہ ذمے داری پر بحال کردیا گیا ہے، ان کی جگہ نصیر آباد رینج کے ڈی آئی جی عبدالحئی بلوچ کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

خضدار رینج کے ڈی آئی جی کے طور پر کام کرنےو الے پرویز خان عمرانی کو کوئٹہ میں سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے، ان کے علاوہ منیر احمد شیخ کو نصیر آباد سے خالی ہونے والی پوسٹ پر کام کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں فریال فرید کو جعفرآباد ڈسٹرکٹ ایس ایس پی تعینات کیا گیا ہے، یہ صوبے کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے جہاں میاں بیوی کو دو اضلاع میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں تمام 36 اضلاع کے ڈی سیز کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

نصیر آباد میں خدمات انجام دینے والی صوبے کی واحد خاتون ڈی سی عائشہ زہری کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔

ایس ایس پی فریال فرید کے شوہر محمد سمیع ملک، ضلع نصیر آباد میں ایس ایس پی کا عہدہ سنبھالیں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران کی نئی تعیناتیوں کی فہرست صوبائی الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں