ورلڈ کپ: شائقین، صحافیوں کو بھارتی ویزے کی تاخیر پر سربراہ پی سی بی کا سیکریٹری خارجہ سے رابطہ

09 اکتوبر 2023
سربراہ پی سی بی ذکا اشرف نے تشویش سے سیکریٹری خارجہ کو آگاہ کیا—فائل/فوٹو: ڈان
سربراہ پی سی بی ذکا اشرف نے تشویش سے سیکریٹری خارجہ کو آگاہ کیا—فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی سے رابطہ کیا اور ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے کے خواہش مند شائقین اور صحافیوں کو ویزے کے اجرا میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ذکا اشرف نے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی سے رابطہ کیا اور انہیں تشویش سے آگاہ کیا کہ شائقین اور صحافیوں کے لیے ویزے کے اجرا میں تاخیر ہو رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین نے سیکریٹری خارجہ سے درخواست کی ہے کہ وہ یہ معاملہ نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے دفتر کے ذریعے بھارت کی وزارت داخلہ کے سامنے رکھیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے صحافیوں کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں ویزوں کے لیے جمع کی گئیں دستاویزات سے متعلق وضاحت کے منتظر ہیں۔

آئی سی سی نے پاکستان کو 50 صحافیوں کا کوٹہ فراہم کیا تھا لیکن ملک بھر سے 206 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور کوٹہ میں شامل نہ ہونے والے صحافی ان کی درخواست مسترد ہونے کی وجوہات جاننے کے منتظر ہیں۔

اسی طرح شائقین کو بھی اندھیرےمیں رکھا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق انہیں ویزا کے درخواست کے مرکز اور بھارتی ہائی کمیشن کے درمیان ہونے والی رابطوں کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ترجمان نے غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کو بتایا تھا کہ بھارت کونسل تعاون کے معاملات پر سخت محنت کر رہا ہے۔

دوسری طرف پی سی بی کی جانب سے ویزوں کے اجر کے حوالے سے پائی جانے والی غیریقینی پر مسلسل ناگواری کا اظہار کر رہا ہے۔

پی سی بی سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہمیں انتہائی مایوسی ہے کہ پاکستان سے صحافیوں اور شائقین کو ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے بھارتی ویزوں کے حصول میں غیریقینی کا سامنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی نے اسی حوالے سے آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو ان کے فرائض اور میزبان ملک کی جانب سے شریک ٹیموں کے شائقین اور صحافیوں کو ویزے کا اجرا یقینی بنانے کے معاہدے کی یاد دہانی کروائی ہے۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ بورڈ نے بھارتی میڈیا میں رپورٹ ہونے والے سیکیورٹی خدشات کا بھی ’نوٹس‘ لیا ہے اور حکومت سے درخوست کی ہے کہ بھارت میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر نظر ثانی کریں۔

اس سے قبل ہفتے کو بھارتی میڈیا میں رپورٹس آئی تھیں کہ مقامی پولیس کو نامعلوم صارف کی جانب سے دھمکی پر مبنی ای میل موصول ہوئی تھی، جس میں تنبیہ کی گئی تھی کہ اگر مقامی گینسگٹر کو 500 کروڑ روپے ادا نہیں کیے گئے تو احمد اسٹیڈیم کو اڑا دیا جائے گا، جہاں پر ورلڈ کپ کا شیڈولڈ فائنل کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں