امریکی قونصل جنرل کونراڈ ٹرائبل نے کہا ہے کہ امریکا، پاکستان کو ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے راستے تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکن بزنس کونسل (اے بی سی) کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ کونراڈ ٹرائبل نے یہ ریمارکس اے بی سی پاکستان کی جانب سے کراچی میں منعقدہ ایک خصوصی استقبالیہ تقریب اور سی ای او کے گول میز اجلاس کے دوران دیے۔

اجلاس میں ’سفارت کاری اور کاروباری تعلقات: پاکستان کے کاروباری و اقتصادی ماحول کے لیے امریکی تعاون‘ پر توجہ مرکوز کی گئی۔

کونراڈ ٹرائبل نے کہا کہ اس طرح کی تقاریب آپس میں جڑنے، خیالات کا اشتراک کرنے اور باہمی ترقی کے راستے تلاش کرنے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔

اے بی سی پاکستان کے صدر جمشید صفدر نے اس بات پر زور دیا کہ اجلاس میں امریکی قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کی موجودگی امریکی کاروباری اداروں اور امریکی قونصلیٹ کراچی کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج منعقد ہونے والا یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان قیمتی شراکت داری اور مشترکہ مواقع پیدا کرنے کی یقین دہانی کرتا ہے۔

اجلاس میں سوال و جواب کے سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں اے بی سی کی رکن کمپنیوں کو امریکی قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کے ساتھ براہ راست مصروف عمل ہونے کا موقع ملا۔

اے بی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے تقریباً 20 سی ای اوز اور اے بی سی کی رکن کمپنیوں کی سینیئر مینجمنٹ کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں