ورلڈ کپ 2023 میں 10 اکتوبر کو بھارت کے شہر حیدر آباد دکن میں سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری کرنے والے پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق گانے کے بھی شوقین ہیں، چند سال قبل سریلی آواز میں ریکارڈ کی گئی ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے بلے باز عبداللہ شفیق نے سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ کے اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بناکر بہترین پہلا تاثر قائم کرنے کی اپنی عادت برقرار رکھی اور ورلڈ کپ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

ایک عرصے سے فارم کے متلاشی فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے عبداللہ نے موقع غنیمت جانتے ہوئے مشکل وقت میں مرد بحران کا کردار ادا کیا اور 103 گیندوں پر 113 رنز کی فتح گر اننگز تراش کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا تھا۔

تاہم قومی بلے باز کے مداحوں کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ وہ صرف بہترین بلے باز ہی نہیں بلکہ آج کل وہ اپنی سریلی آواز سے شائقین کے دلوں میں بھی جگہ بنارہے ہیں۔

عبداللہ شفیق کی چند سال قبل ریکارڈ کی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

عبداللہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گانے کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ہاتھ میں گٹار لیے گلوکار عاطف اسلم کا گانا ’اب تو عادت سی ہے مجھ کو ایسے جینے میں‘ گنگنا رہے ہیں، یہ ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ عبداللہ شفیق کی 2020 میں ریکارڈ کی گئی ایک اور ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں وہ بولی وڈ فلم ’آواراپن‘ میں پاکستانی گلوکار مصطفیٰ زاہد کا لکھا ’تیرا میرا رشتہ پرانا‘ گنگنا رہے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین عبداللہ کی آواز اور گٹار بجانے کی مہارت کی تعریف کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ عبداللہ شفیق سے ورلڈ کپ کا ترانہ بنوا لیتے، بھارت سے اچھا بنا لیتا۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اس لڑکے میں بہت ٹیلنٹ ہے۔‘

عبداللہ شفیق کے کریئر پر ایک نظر

یاد رہے کہ عبداللہ شفیق نے اپنے ڈومیسٹک گریڈ 2 کے ڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی اور پھر 2019 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو پر بھی سنچری کا اعزاز حاصل کیا تھا اور پھر اگلے سال ٹی20 میں بھی یہی کارنامہ انجام دیا تھا۔

وہ دنیا کے محض دوسرے بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے فرسٹ کلاس اور ٹی20 ڈیبیو پر سنچری اسکور کی جہاں اس کے علاوہ یہ اعزاز صرف بھارت کے شیوم بھمبری کو حاصل ہے۔

ان کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو سب سے پہلے قومی ٹیم کے سابق منیجر اور سابق کرکٹر منصور رانا نے پہچانا تھا اور انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ میچوں میں بھی بہترین کھیل پیش کیا اور آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سنچریاں بنانے کے بعد سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری سمیت دو تین ہندسوں کی باریاں کھیلیں۔

تبصرے (0) بند ہیں