پاکستان سے میچ کیلئے بھارتی ٹیم بہترین ردھم میں ہے، روہت شرما

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2023
روہت شرما نے ورلڈ کپ میں ریکارڈ 7 سنچریاں بنائی ہیں—فائل/فوٹو: ڈان
روہت شرما نے ورلڈ کپ میں ریکارڈ 7 سنچریاں بنائی ہیں—فائل/فوٹو: ڈان

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان سے میچ کے لیے بہترین ردھم میں ہے۔

پاکستان اور بھارت کی روایتی حریف ٹیمیں ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں کل بھارتی وزیراعظم سے منسوب احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی جہاں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے۔

دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی دو میچز جیت چکی ہیں، پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کو شکست دیا تھا جبکہ بھارت نے افغانستان اور آسٹریلیا کو زیر کرلیا ہے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ان کی ٹیم ایشیا کپ میں سری لنکا سے جیت اور تین میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد اچھے ردھم میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ردھم بہت ضروری ہوتا ہے، اگر آپ دیگر حوالے سے دیکھتے ہیں تو اس سے مومینٹم کہا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت میں 7 یا 8 میچز کھیلے ہیں اور اس سے پہلے سری لنکا اور پھر یہاں ولڈ کپ میں بھی دو میچز کھیل چکے ہیں۔

روہت شرما نے کہا کہ باؤلرز نے ابھی کارکردگی دکھائی ہے، اسپنرز ہوں یا فاسٹ باؤلرز جب بھی انہیں موقع ملا انہوں نے بلے بازوں پر دباؤ بڑھایا اور اچھی کارکردگی دکھائی ہے، اسی طرح تمام بلے بازوں نے بھی اسکور کیا ہے۔

بھارتی بلے بازوں کی کارکردگی کی بات کی جائے تو ورلڈ کپ کی فیورٹ تصور کی جانے والی بھارتی ٹیم نے سابق چمپیئن آسٹریلیا کو گروپ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی اور افغانستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا تھا جہاں روہت شرما نے ورلڈ کپ میں ریکارڈ ساتویں سنچری بنائی تھی۔

ورلڈ کپ میں بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے کہ آج تک ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہا ہے لیکن روہت شرما اس سے زیادہ اہم قرار نہیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو اس طرح کے اعداد وشمار کی طرف دیکھتے ہوں، ہمیں مخصوص دن میں جیت کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنی ہوتی ہے اور ہم اسی پر توجہ دے رہے ہیں۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ ہم توجہ دے رہے ہیں کہ ہم کیسے اچھی کرکٹ کھیلیں، کنڈیشنز کو اچھی طرح سمجھیں اور ٹیم کے حوالے سے کیا درکار ہے اور اسی طرح کی اہم چیزیں ہم دیکھ رہے ہیں۔

’پاکستان کا معیار‘

پاکستان کے شائقین کو ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے لیے بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہیں کیے ہیں، جس کے بعد مقامی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔

روہت شرما نے پہلے کہا تھا کہ بڑے میچ کے حوالے سے زور نہیں مچانا چاہیے اور کل کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی توجہ حریف کے خلاف معیاری کھیل پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسا میں پہلے کئی دفعہ کہہ چکا ہوں کہ یہ بڑا میچ ہے لیکن ہمارے لیے ضروری یہ ہے کہ ہم کل ایک مخالف ٹیم سے کھیل رہے ہیں جہاں معیاری کھیل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک اچھی ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں اور معیاری کارکردگی دکھائیں، جیسا کہ ہم گزشتہ دو میچوں میں کر چکے ہیں اور امید ہے کہ ہم دوبارہ اپنی کارکردگی میں تسلسل دکھا سکیں گے۔

بھارت نے پاکستان کو ایشیا کپ کے سپر فور مقابلے میں 228 رنز کے بڑےمارجن سے شکست دی تھی جو گزشتہ ماہ کولمبو میں کھیلا گیا تھا۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایسی ٹیم کے خلاف کوئی نفسیاتی برتری نہیں ہوگی جو ورلڈ کپ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ میں نے کہا تھا کہ ہمیں اس بات پر زیادہ توجہ نہیں دینی چاہیے جو گزر چکا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمیں نئے دن اور نئی ٹیم پر توجہ دینی چاہیے، دونوں ٹیمیں متوازن ہیں اور میرا خیال نہیں کہ کوئی ٹیم فیورٹ یا کوئی ٹیم کمزور ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں