چین نے اعلیٰ قیادت میں تبدیلی کرتے ہوئے وزیر دفاع لی شانگ فو اور سابق وزیر خارجہ چن گانگ کو کابینہ کی رکنیت سے ہٹا دیا گیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق چین کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ وزیر دفاع لی شانگ فو اور وزیر خارجہ چن گانگ کو کابینہ سے نکال دیا گیا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ نے رپورٹ کیا کہ عوامی جمہوریہ چین کی قائمہ کمیٹی کی 14ویں نیشنل پیپلز کانگریس کے اجلاس میں دونوں وزرا کو کابینہ کی رکنیت سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے چن گانگ کو اسٹیٹ کاؤنسلر کے عہدے سے پہلے برطرف کر دیا گیا تھا تاہم وزیر دفاع لی شانگ فو کو عہدے سے ہٹانے کا کوئی سبب نہیں بتایا گیا۔

سی سی ٹی وی کے مطابق سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر وانگ زیگنگ اور وزیر خزانہ لیوکن کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے، ان کی جگہ موجودہ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی پارٹی سیکریٹری ین ہیجن اور وزارت خزانہ کے پارٹی سیکریٹری لان فوان کو مقرر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کل کی پیش رفت چین کے کابینہ سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کے چند ماہ بعد سامنے آئی ہے۔

تاہم رواں مہینے چین نے اعلان کیا تھا کہ نیوی کے سابق کمانڈر وانگ ہوبن چینی فوج کی راکٹ فورس کے نئے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے جہاں میڈیا رپورٹس میں ان کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کا انکشاف ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں