اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے سلامتی کونسل سے پیر کے روز خطاب کرتے ہوئے پیلے رنگ کا ستارا سینے پہ آویزاں کیا اور اشتعال انگیز طور پر یہ عہد کیا کہ وہ یہ ستارا اس وقت تک لگائیں گے جب تک اقوام متحدہ کے اراکین حماس کے مظالم کی مذمت نہیں کر دیتے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سفیر گیلاد اردان کا کہنا تھا کہ ’آپ میں کچھ لوگوں نے پچھلے 80 سالوں میں کچھ نہیں سیکھا، آپ میں سے چند لوگ یہ بھول گئے ہیں کہ یہ ادارہ کیوں بنا تھا،‘ انہوں نے حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر کو کیے جانے والے مہلک حملے پر سلامتی کونسل کے خاموش رہنے کی بھی مذمت کی۔

سفیر کا کہنا تھا کہ ’ میں آپ کو یاد دلاؤں گا۔ آج کے بعد سے ، جب بھی آپ میری طرف دیکھیں گے، آپ کو یاد آئے گا کہ برائی کے سامنے خاموش رہنے کا کیا مطلب ہے،’

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ میرے دادا دادی، اور لاکھوں یہودیوں کے دادا دادی کی طرح، اب سے میری ٹیم اور میں پیلے رنگ کے ستارے پہنے گی،’ پھر انہوں نے کھڑے ہو کر پیلے رنگ کے ستارے کو اپنے سوٹ کی چھاتی پر لگایا جس پر ’کبھی نہیں ’ الفاظ لکھے ہوئے تھے جس کا حوالہ یہودیوں کو نازیوں کی جانب سے پیلے رنگ کا ستارہ پہننے پر مجبور کرنے سے ہے۔

لیکن اسرائیلی سفیر کے مطابق وہ اسے فخر کے نشان کے طور پر پہنیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ’ ہم یہ ستارہ اس وقت تک پہنیں گے جب تک آپ لوگ بیدار نہیں ہوں گے اور حماس کے مظالم کی مذمت نہیں کریں گے’۔

تبصرے (0) بند ہیں