صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں دوسرے روز بھی مثبت رجحان جاری ہے، جہاں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔

مارکیٹ کے مطابق پی ایس ایکس میں کاروبار کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس ریکارڈ توڑتے ہوئے 1.15 فیصد اضافے کے ساتھ 53 ہزار 263.07 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچا تھا جبکہ گزشتہ روز 52 ہزار 656.76 پوائنٹس پر بند ہوگیا تھا۔

اسٹاک مارکیٹ میں 25 مئی 2017 کے بعد انڈیکس کی یہ بلند ترین سطح ہے۔

کے ایس ای انڈیکس کاروباری ہفتے کے آخری روز مجموعی طور پر 466.27 پوائنٹس یا 0.89 فیصد اضافے کے بعد 53 ہزار 123.03 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 10 بج کر 34 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 347 پوائنٹس یا 0.66 فیصد اضافے کے بعد 53 ہزار 4 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ ساڑھے چھ سال بعد بینچ مارک انڈیکس بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی اور سیاسی بے یقینی میں کمی سے مارکیٹ نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ سکتی ہے۔

ڈان ڈاٹ کام کو انہوں نے بتایا کہ معاشی میدان میں مسائل کم کرنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طویل مدتی اوراچھے تعلقات، معاشی اصلاحات اور قرضوں کی ادائیگی میں پائیداری درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مت بھولیے کہ یہ انڈیکس اور بونسز ہیں جبکہ حجم ابھی بہت نیچے ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ نے قابل ذکر سنگ میل عبور کیا ہے۔

ماہر معیشت عدنان شیخ کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کی کپٹلائزیشن تقریباً 27 ارب ڈالر ہے جو 2017 میں 100 ارب ڈالر تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں بدترین کمی کی وجہ سے ملک کی توازن ادائیگیوں میں بدترین مسائل پیدا ہوگئے تھے۔

عدنان شیخ نے کہا کہ ڈالر کے حساب سے مارکیٹ اس وقت بھی کم مالیت کی حامل ہے، اگر 2017 میں ڈالر کی قیمت سے موازنہ کریں تو کے ایس ای-100 انڈیکس تقریباً 20 ہزار پوائنٹس کے قریب ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 314.13 یا 0.6 فیصد اضافے کے بعد 52 ہزار 656.76 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے سربراہ رضا جعفری نے کہا تھا کہ معیشت پر زیادہ توجہ، آگے بڑھنے کے لیے مالیاتی معاملات سے متعلق مثبت امکانات اور آئی ایم ایف جائزے کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کی امید مثبت رجحان کے معاون عوامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں