ہم حقیقی معنوں میں ’نیا پاکستان‘ بنائیں گے، جہانگیر ترین کا ورکرز کنونشن سے خطاب

09 نومبر 2023
علیم خان نے کہا کہ ماضی کو بھول جائیں  اور آگے بڑھیں—فوٹو: ڈان نیوز
علیم خان نے کہا کہ ماضی کو بھول جائیں اور آگے بڑھیں—فوٹو: ڈان نیوز

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن ان چیف جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ان کی جماعت حقیقی طور پر ’نیا پاکستان‘ بنانے کی کوشش کرے گی۔

ٹیکسیلا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور وزیر غلام سرور خان کی باقاعدہ شمولیت کے موقع پر منعقد ہونے والے ورکرز کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے گزشتہ 75 برسوں کے دوران ملک میں جاری ترقی کے عمل پر تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کامیاب ہوں گے یا نہیں صرف خدا کو معلوم ہے لیکن ہم اچھی نیت کے ساتھ کام کریں گے اور ہم پہلے لوگوں کا سوچیں گے، اگر ہم نے ایسا کیا تو پھر ہم کامیاب ہوں گے۔

جہانگیر ترین نے غلام سرور کی آئی پی پی میں شمولیت کے حوالے سے کہا کہ ہم دونوں کے درمیان تعلقات بھائیوں جیسے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب اس طرح کے دوست ہمارے ساتھ ہوں گے تو پھر ملک کو ترقی کے لیے درکار کام ہم کرسکتے ہیں۔

تقریر کے آخر میں جہانگیر ترین نے کہا کہ متحد ہو کر ہم حقیقی طور پر ’نیا پاکستان‘ بنائیں گے، ان شااللہ۔

جہانگیر ترین نے خطاب کے دوران کہا کہ ماضی کو بھول جائیں اور آگے بڑھیں، اس ملک میں سب کچھ ہے، اگر کسی چیز کی کمی ہے تو وہ ہے کہ ہم (سیاسی جماعتیں) ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جماعتیں سیاست نہیں کرسکتی ہیں جو ایک دوسرے سے لڑنے کی عادی ہوں، سب جماعتیں جس طرح چاہیں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں لیکن ملک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ آئی پی پی نئی روایات قائم کرنے، اہداف پورے کرنے اور لوگوں کے فائدے کے لیے کام کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی بے عزتی کرنے اور ایک دوسرے کو برا کہنے سے ہمیں کہیں پہنچیں گے، جیسے سوچ وسیع ہوتی ہے تو اسی سے مقاصد بھی وسیع ہوں گے اور الفاظ کا چناؤ احتیاط سے کریں۔

کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان شااللہ ہم وہ مقاصد حاصل کریں گے جس کا ہم نے تعین کیا ہے، ہم کارکنوں کی حمایت اور محنت کے بغیر کچھ بھی نہیں ہیں اور آپ ہماری اصل طاقت ہیں۔

انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ہمارا پیغام پورے ملک میں پھیلے گا، اس کے لیے ہم آپ کے مشکور ہیں، ٹی وی اور اخبارات سے پیغام جائے گا لیکن جب لوگ ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور آپس میں بات کرتے ہیں تو اسی طرح پیغام جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ ہماری طاقت ہیں اور آپ ہمارا پیغام مزید آگے بڑھیں گے۔

آئی پی پی نے 8 فروی کو شیڈول انتخابات کے لیے اپنی مہم کا آغاز گزشتہ ہفتے کیا تھا اور کہا تھا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ 50 ہزار ہوگی، بجلی کے بلوں پر سبسدٹی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈ مختص کیا جائے گا۔

آئی پی پی کے صدر علیم خان نے حافظ آباد میں پارٹی کے مقامی رہنماؤن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر جماعت حکومت مین آئی تو امیر لوگوں سے ٹیکس جمع کیا جائے گا اور ملک کے وسائل غریبوں اور ضرورت مندوں کے فائدے کے لیے استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ان کی جماعت ملک کے عام اور غریب افراد کو ریلیف فراہم کریں گے اور یہ ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں