رواں برس کے مقبول ترین ڈرامے ’تیرے بن‘ کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے عندیہ دیا ہے کہ ڈرامے کے سیکوئل کو آئندہ ماہ دسمبر سے نشر کیے جائے گا۔

عبداللہ کادوانی نے جولائی میں ہی تصدیق کی تھی کہ ’تیرے بن‘ کا سیکوئل بنائے گا اور جلد ہی سیزن ٹو کو نشر کیا جائے گا۔

اب انہوں نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ’تیرے بن ٹو‘ کو 29 دسمبر سے نشر کیا جائے گا۔

عبداللہ کادوانی نے اپنی ٹوئٹ میں شریک پروڈیوسر اسد قریشی اور پروڈکشن ہاؤس کو بھی مینشن کیا اور مداحوں کو خوشخبری دی کہ وہ 29 دسمبر 2023 کی تاریخ کو یاد رکھیں اور اپنا کیلنڈر مارک کرلیں۔

پروڈیوسر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’تیرے بن ٹو‘ 29 دسمبر 2023 سے پیش ہونے جارہا ہے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ کیا مزکورہ تاریخ سے ڈراما نشر ہوگا یا پھر شوٹنگ کا آغاز ہوگا لیکن امکان یہی ہے کہ سال کے اختتام سے ڈرامے کے نشر ہونے کی شروعات ہوگی۔

عبداللہ کادوانی نے اپنی ٹوئٹ میں سیزن ٹو کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی بتایا کہ سیکوئل میں یمنیٰ زیدی اور وہاج علی بھی دکھائی دیں گے یا نہیں؟

تاہم ان کی ٹوئٹ پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ ’تیرے بن سیزن ٹو‘ کو یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کے بغیر قبول نہیں کیا جائے گا۔

ڈراما ’تیرے بن‘ کی پہلی قسط 28 دسمبر 2022 کو نشر ہوئی تھی جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے اس نے دنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے تھے، 6 ماہ تک ہفتے میں دو بار نشر ہونے والے ڈرامے کی آخری قسط 6 جولائی 2023 کو نشر کی گئی تھی۔

58 اقساط پر مشتمل ڈرامے کی مرکزی کہانی وہاج علی (مرتسم) اور یمنیٰ زیدی (میرب) کے کرداروں کے گرد گھومتی تھی، جنہوں نے شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کیا تھا، تاہم ان کے درمیان جھگڑوں، غلط فہمیوں، محبت اور تناؤ کو دکھایا گیا تھا۔

ڈرامے میں بشریٰ انصاری، حرا سومرو، سبینہ فاروق، فضیلہ قاضی اور فرحان علی آغا سمیت دیگر نے بھی کردار ادا کیا تھے۔

ڈرامے مٰن سبینہ فاروق اور حرا سومرو سمیت بشریٰ انصاری کے کرداروں کو بھی سراہا گیا تھا۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سیزن ٹو میں کون سے کردار شامل ہوں گے اور کون سے نہیں، تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تقریبا تمام کرداروں کو واپسی ہوگی اور سیکوئل کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی، جہاں پہلے سیزن کی کہانی ختم ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں