پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تنازع کا شکار پاکستان سمیت بھارت میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراما ’تیرے بن‘ کو نوٹس جاری کردیا۔

پیمرا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پریس ریلیز کے مطابق پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ چینل کے ڈراما سیریل تیرے بن میں ’نامناسب مواد‘ نشر کرنے پر تنبیہ نوٹس جاری کیا ہے۔

پریس ریلیز میں مزید لکھا گیا کہ ’ڈراما سیریل کی قسط نمبر 47 میں نامناسب مواد نشر کیا گیا جو کہ پیمرا قوانین اور الیکٹرونک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کی متعدد شقوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے‘۔

نوٹس میں لکھا گیا کہ ’ پیمرا نے چینل کو تنبیہ کی ہے کہ نامناسب مواد کو ڈراما سیریل سے فوری حذف کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کا مواد آئندہ کسی بھی قسط میں نشر نہ کیا جائے۔’

پیمرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکم نہ ماننے کی صورت میں چینل کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ ڈراما اُس وقت سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بنا جب ڈراما کی قسط نمبر 47 کے ٹیزر میں مرتسم اور میرب کے درمیان ازدواجی ریپ کا اشارہ دیا گیا تھا۔

اسی ٹیزر کے بعد کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر ڈرامے کے پروڈیوسرز اور لکھاری کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، رواں ہفتے 47 قسط ریلیز ہونے پر ڈرامے پر ایک اور الزام عائد ہوا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائقین نے ڈرامے میں ’غیر متوقع موڑ‘ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈرامے کی کہانی کو تبدیل کیا گیا ہے‘۔

ناظرین جانب سے الزام لگایا گیا کہ ڈرامے کے کچھ سین کو ڈیلیٹ کردیا گیا ہے، اور مرتسم اور میرب کے سین میں مبینہ طور پر ’واٹس ایپ کوالٹی‘ کا وائس اوور شامل کیا گیا ہے۔

ابھی یہ بحث سوشل میڈیا پر جاری ہی تھی کہ ڈرامے کی قسط ریلیز ہونے کے 2 روز بعد پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ کو تنبیہ نوٹس جاری کردیا۔

سوشل میڈیا پر پیمرا کی ٹوئٹ پر صارفین نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پیمرا نے نوٹس جاری کرنے میں بہت دیر کردی‘، ایک صارف نے لکھا کہ ’قسط میں تبدیلی ہوگئی ہے، اب کچھ بھی متنازع نہیں ہے‘۔

یاد رہے کہ ’تیرے بن‘ کو جیو ٹی وی پر دسمبر 2022 سے پیش کیا جا رہا ہے، ڈرامے میں بشریٰ انصاری، وہاج علی، یمنیٰ زیدی اور حرا سومرو، سبینہ فاروق، فضیلہ قاضی اور فرحان علی آغا سمیت دیگر نے کردار ادا کیا ہے۔

ڈرامے کی مرکزی کہانی وہاج علی (مرتسم) اور یمنیٰ زیدی (میرب) کے کرداروں کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کیا ہے، تاہم ان کے درمیان جھگڑوں، غلط فہمیوں، محبت اور تناؤ کو دکھایا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں