ملک کے 5 اضلاع کے مزید 6 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

14 دسمبر 2023
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ جب تک وائرس گردش کررہا ہے تب تک کہیں بھی کوئی بچہ محفوظ نہیں ہے—فائل فوٹو: آن لائن
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ جب تک وائرس گردش کررہا ہے تب تک کہیں بھی کوئی بچہ محفوظ نہیں ہے—فائل فوٹو: آن لائن

ملک کے 5 اضلاع سے جمع کیے گئے مزید 6 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے پولیو ایریڈیکیشن نے بتایا کہ ملک کے 5 اضلاع سے جمع کیے گئے 6 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس ٹائپ ون پایا گیا ہے۔

یہ وائرس کوئٹہ سے سیوریج کے 2 نمونوں اور کراچی میں ملیر سے لیے گئے ایک نمونے کے علاوہ پشاور، حب اور ٹانک کے اضلاع سے لیے گئے ایک ایک نمونوں میں پایا گیا جوکہ 13 سے 20 نومبر کے درمیان جمع کیے گئے تھے۔

پولیو مہم کی کامیابی کا تعین کرنے کے لیے کسی علاقے میں سیوریج کے پانی سے حاصل کیے گئے نمونے ایک بنیادی پیرامیٹر ہیں۔

وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ سیوریج میں وائرس کی موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ علاقے میں بچوں کی قوت مدافعت میں کمی آئی ہے اور وہ خطرے میں ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ اس سال سیوریج کے 90 مثبت نمونوں میں سے 84 میں ہم نے امپمورٹد کلسٹر کا سراغ لگایا ہے جوکہ پولیو وائرس کے سرحد پار پھیلاؤ کے مسلسل خطرے کو نمایاں کرتا ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ جب تک وائرس گردش کررہا ہے تب تک کہیں بھی کوئی بچہ محفوظ نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں