انسانی اسمگلنگ کے خلاف شکایات کے اندراج کیلئے ایف آئی اے کی ہاٹ لائن کا آغاز

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2023
ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں ہاٹ لائن کی افتتاحی تقریب ہوئی — فائل/ فوٹو: اے پی پی
ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں ہاٹ لائن کی افتتاحی تقریب ہوئی — فائل/ فوٹو: اے پی پی

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف شکایات کے اندراج کے لیے نیشنل ٹریفکنگ ان پرسن (ٹی آئی پی) ہاٹ لائن کا آغاز کر دیا۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ نے ہاٹ لائن کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ نیشنل ریفرل میکانزم کے لیے نیشنل ٹی آئی پی ہاٹ لائن انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم کے خلاف ہماری جنگ میں ایک اہم موقع ہے۔

ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں قائم ہاٹ لائن کو پاکستان کی تاریخ میں اہم اقدام سے تعبیر کیا گیا ہے، جس سے آسٹریلیا کے ہائی کمیشن کے تعاون سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ذریعے مختصر مدت میں مکمل کی گئی ہے۔

انسانی اسمگلنگ کے خلاف شکایات 786-247-111 پر کال کرکے درج کرائی جاسکتی ہیں، جہاں سے شکایات پاکستان بھر میں متعلقہ پولیس اسٹیشن کو منتقل کردی جائیں گی اور متاثرین کو متعلقہ شعبہ ویلفیئر کو بھیج دیا جائے گا۔

محسن حسن بٹ نے کہا کہ متعارف کرایا گیا نیا نظام جدت کا مظہر ہے جو ملک بھر میں مزید مربوط، مؤثر اور ہم آہنگ انداز میں رابطے کی جانب قدم ہے، یہ صرف ایک نظام نہیں بلکہ تبدیلی اور انسانی اسمگلنگ کے مسئلے کو مکمل طور پر حل کرنے کے لیے ہماری صلاحیت میں اضافے کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے انسانی اسمگلنگ کا ناسور ختم کرنے کے لیے ایف آئی اے سے تعاون کرنے پر اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ڈرگز اینڈ کرائم (یو این او ڈی سی) کا شکریہ ادا کیا۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے ہم مل کر نیشنل ایکشن پلان ترتیب دے چکے ہیں جو ہماری مشترکہ کاوشیں ہیں۔

آسٹریلیا کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے ایف آئی اے اور آئی ایل او کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ انسانی اسمگلنگ سے جڑے تمام پہلوؤں کے خاتمے کی جانب انقلابی قدم ہے۔

ہاٹ لائن منصوبے کی فوکل پرسن ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شیرین ملک شیر نے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر اسرار احمد خان کے ساتھ مل کر منصوبے پر کام کیا اور مختصر مدت میں منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

انسانی اسمگلنگ کے خلاف شکایات کے اندراج کے لیے ہاٹ لائن کی افتتاحی تقریب میں یو این او ڈی سی کے عہدیداروں، آسٹریلیا کے ہائی کمشنر، آئی ایل او کے ڈائریکٹر، امریکا کے سیاسی مشیر اور ایف آئی اے کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں