نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے تناسب سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرائے میں کمی کا ٹاسک دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو آج رات تک کرایوں میں کمی کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو منتقل کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کرائے جائیں۔

نگران وزیر اعلیٰ نے آج رات تک کرائے کم نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم بھی دے دیا۔

واضح رہے کہ 15 دسمبر کی رات گئے نگران وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کردیا تھا۔

حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب فی لیٹر پیٹرول 267.34 روپے میں دستیاب ہے۔

اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر 13 روپے 50 پیسے کی کمی کی گئی تھی جس کے بعد ڈیزل 276.21 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں