کراچی: مچھر کالونی میں گیس سیلنڈر دھماکا، عمارت منہدم ہونے سے 2 افراد جاں بحق، 11 زخمی

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023
مزید کہا کہ جبکہ ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔— فوٹو: ڈان نیوز
مزید کہا کہ جبکہ ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں جعفر چوک کے پاس گیس سلنڈر کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت منہدم ہونے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے 2 افراد کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ 11 زخمیوں کو بھی سول ہسپتال لایا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ دکان رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر تھی، دھماکے کے نتیجے میں عمارت منہدم ہوگئی جبکہ اردگرد کی عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقہ پولیس نے ریسکیو ٹیموں کو موقع پر طلب کرکے امدادی کاموں کا آغاز کردیا، اب تک 10 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔

مزید کہا کہ جبکہ ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔

خیال رہے کہ 9 جولائی کو پنجاب کے ضلع جہلم میں جی روڈ پر قائم نجی ہوٹل کی عمارت میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی تھی جب کہ سلنڈر دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے وقت تین منزلہ عمارت میں 20 سے زائد افراد موجود تھے۔

اسی طرح 10 اکتوبر 2022 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں آن لائن ڈلیوری سروس فوڈ پانڈا کے دفتر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شہری جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں