پاکستان کی برآمدات دسمبر میں سالانہ بنیادوں پر 22.21 فیصد اضافے کے بعد 2 ارب 81 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز تک جا پہنچیں۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 9.29 فیصد کا اضافہ ہوا، برآمدات کا حجم دسمبر 2022 میں 2 ارب 30 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2024 میں جولائی تا دسمبر کے دوران پاکستان کی برآمدات میں5.17 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ بڑھ کر 14 ارب 98 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، یہ حجم گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 14 ارب 24 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا دسمبر 2023 کے دوران تجارتی خسارے 34.29 فیصد کمی کے بعد 11 ارب 15 کروڑ ڈالرز رہا، جبکہ دسمبر میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 40.13 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ ایک ارب 70 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق درآمدات رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران درآمدات بھی 16.28فیصد تنزلی کے بعد 26 ارب 13 کروڑ ڈالرز رہیں، جبکہ دسمبر میں درآمدات 4 ارب51 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہیں۔

واضح رہے کہ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مشرق وسطیٰ کے لیے برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 28.98 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 25 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

پاکستان کی سعودی عرب کے لیے برآمدات جولائی تا نومبر کے دوران 50 فیصد بڑھ کر 27 کروڑ 56 لاکھ ڈالر رہیں، متحدہ عرب امارات کے بعد پاکستان کے لیے سعودی عرب دوسری بڑی برآمدی منڈی ہے، گزشتہ مالی سال 2023 کے دوران اس کے لیے برآمدت 13.1 فیصد اضافے کے بعد 50 کروڑ 34 لاکھ ڈالر رہی تھی، جو اس سے گزشتہ برس 42 کروڑ 4 لاکھ ڈالر تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں