کراچی میں ٹریفک پولیس پر پستول تاننے والا شہری گرفتار، مقدمہ درج
اپ ڈیٹ 04 جنوری 2024
کراچی میں ٹریفک پولیس کو دھمکانے کے بعد پستول تاننے والے شہری کو کراچی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے ملینیئم مال کے قریب راشد منہاس روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار اور شہری کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
اس موقع پر پہلے شہری نے ٹریفک پولیس کو دھمکیاں دیں اور پھر طیش میں آ کر ٹریفک پولیس اہلکار پر پستول تان لی۔
ٹریفک پولیس اہلکار کے مطابق فیضان نامی کار سوار کو کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ پر روکا گیا تھا اور فینسی نمبر پلیٹ اتارنے پر پستول لوڈ کر کے پولیس کو دھمکایا۔
سیکشن افسر معین خان نے ضلعی پولیس کو طلب کیا اور ملزم کو گرفتار کرکے شارع فیصل پولیس نے اسلحہ کے زور پر دھمکانے اور کار سرکار میں مداخلت پر شہری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
تبصرے (0) بند ہیں