بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا بوجھ بڑھ کر 8 روپے 56 پیسے فی یونٹ ہوگیا

07 جنوری 2024
اس اضافے سے بجلی صارفین کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی—فائل فوٹو: رائٹرز
اس اضافے سے بجلی صارفین کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی—فائل فوٹو: رائٹرز

بجلی صارفین پرمسلسل بڑھتی قیمتوں کا بوجھ مزید بڑھ گیا، ڈسکوز بجلی صارفین کے لیے سیلز ٹیکس سمیت فی یونٹ 50 روپے سے زائد تک کے بنیادی ٹیرف کے علاوہ رواں ماہ جنوری میں صرف ماہانہ اور سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کا بوجھ بڑھ کر 8 روپے 56 پیسے فی یونٹ بن جائے گا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق ایک طرف بجلی صارفین پر سیلز ٹیکس سمیت زیادہ سے زیادہ فی یونٹ بنیادی ٹیرف 50 روپے سے زائد لاگو ہے تو وہیں اس مہینے جنوری میں الگ سے ماہانہ اورسہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کا بوجھ بڑھ کر 8 روپے 56 پیسے فی یونٹ بنے گا جس سے بجلی صارفین کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔

رواں ماہ ڈسکوز صارفین پر 3 مختلف سہہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کا بوجھ ایک ساتھ پڑ جائے گا۔

صارفین پر جنوری کے بلز میں نومبر 2023 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 13 پیسے فی یونٹ کااضافی بوجھ ڈالا گیا۔

اپریل تا جون 2023 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں فی یونٹ 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ کااضافہ کیا گیا، اس سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی صارفین سےمارچ 2024تک ہونی ہے۔

اسی طرح جولائی تا ستمبر 2023 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ فی یونٹ ایک روپے 15 پیسے بنتا ہے، صارفین سے یہ اضافی وصولیاں جنوری تا مارچ 2024 میں کرنےکا منصوبہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں