بنگلا دیش کے حالیہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے کرکٹر شکیب الحسن کی مداح کو مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن اپوزیشن کے بائیکاٹ کے سبب عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے ہیں۔

36 سالہ آل راؤنڈر نے اپنے حریف کو مغربی قصبے ماگورا میں اپنے حلقے میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

ضلع کے چیف ایڈمنسٹریٹر ابو ناصر بیگ نے شکیب الحسن کی کامیابی کو ’ زبردست فتح’ قرار دیا تاہم کرکٹر نے اپنی کامیابی پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

شکیب الحسن وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکمران جماعت عوامی لیگ پارٹی کے امیدوار ہیں۔

تاہم جیت کے فوراً بعد شکیب الحسن کی مداح کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اگرچہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ تھپڑ مارنے کا واقعہ کب اور کہاں پیش آیا تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انتخابی نتائج آنے سے تقریباً ایک ہفتہ قبل شکیب الحسن پولنگ اسٹیشن کے دورے پر تھے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شکیب الحسن کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں، ہجوم کے باعث کچھ مداحوں نے کرکٹر کو گھیر لیا ہے۔

ایک مداح کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر پیچھے سے پکڑنے کی کوشش کے بعد کرکٹر آپے سے باہر ہوگئے اور نوجوان کو تھپڑ دے مارا۔

مشہور آل راؤنڈر شکیب الحسن اکثر گراؤنڈ میں بھی اپنی کارکردگی اور سخت رویے اور مزاج کے باعث خبروں میں رہتے ہیں، مارچ 2023 میں شکیب الحسن کو ایک تقریب کے دوران مداحوں نے گھیر لیا تھا جس کے بعد وہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے تھے۔

اس موقع پر شکیب الحسن نے ایک شخص کو اپنی کیپ سے 3 مرتبہ مارا جس کے بعد انہیں وہاں سے روانہ کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق بھیڑ میں موجود ایک شخص نے شکیب الحسن کی کیپ اتارنے کی کوشش کی تھی جس پر کرکٹر کو غصہ آیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں