کراچی: بیرون ملک سے آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا ’جے این ون‘ ویرینٹ کی تصدیق

حکام نے متاثرہ مسافروں کو ٹیسٹ سے آگاہ کر کے گھروں میں قرنطینہ کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔—شٹر اسٹاک فوٹو
حکام نے متاثرہ مسافروں کو ٹیسٹ سے آگاہ کر کے گھروں میں قرنطینہ کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔—شٹر اسٹاک فوٹو

کراچی کے ہوائی اڈے پر بیرون ملک سے آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا ’جے این ون‘ ویوینٹ کی تصدیق ہوگئی ہے۔

’ڈان نیوز ’ کے مطابق بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (آر آئی ٹی) مثبت آگیا، گزشتہ روز رہ جانے والے 4 پی سی آر ٹیسٹ بھی مثبت آگئے۔

کورونا کی نئی قسم جے این ون ویرینٹ کے7 مثبت کیسز میں سے 2 بیرون ملک جب کہ 5 مقامی ہیں۔

حکام نے متاثرہ مسافروں کو ٹیسٹ سے آگاہ کر کے گھروں میں قرنطینہ کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی کراچی کے ہوائی اڈے پر بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافروں میں ’جے این ون‘ ویوینٹ کی تصدیق ہوئی تھی، جانچ کے لیے بھیجے گئے 6 میں سے 2 مسافروں میں کورونا کی نئی قسم رپورٹ ہوئی، مسافر بینکاک اور ابوظہبی سے کراچی پہنچے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا کے نئے ویرینٹ ’جے این ون‘ کی روک تھام سے متعلق اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے) نے ایڈوائزری جاری کردی تھی۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ شہری صابن اور پانی سے بار بار اور اچھی طرح ہاتھ دھوئیں، صابن اور پانی دستیاب نہ ہونے پر ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کریں۔

آئی ایچ آر اے کی ایڈوائزری کے مطابق شہری چھینکتے یا کھانستے وقت منہ اور ناک کو کہنی سے ڈھانپ لیں، بیمار مریض گھر پر رہیں، آرام کریں اور ہجوم سے بچیں اور صحت یابی تک سماجی دوری کے اقدامات پر عمل ضرور کریں۔

اس کے علاوہ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے بھی لازمی گریز کریں۔

واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کورونا کے نئے ویرینٹ مشتبہ کیسز کی تشخیص ہوئی، اس کے علاوہ کئی ممالک میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد پاکستان میں تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ بھی شروع کردی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں