ہم نے 16 ماہ دن رات محنت کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، شہباز شریف

17 جنوری 2024
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا — فوٹو: اے ایف پی
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے 16 ماہ دن رات محنت کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف قوم کو جلد منشور سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 2017 میں بھی نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا، نوازشریف نے کہا لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا مزید کہنا تھا کہ اگر سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے ذریعے نواز حکومت کو نہ گرایا جاتا تو آج ملک شدید معاشی چیلنجز میں نہ گھرا ہوتا، انہوں نے دعوی کیا کہ ہماری حکومت میں زراعت و صنعتی ترقی کی سالانہ مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) 6 فیصد سے زائد تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت کے بعد شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے معاہدے کو توڑا گیا، سفارتی تعلقات مجروح ہوئے اور معاشرے میں زہر گھول کر اسے تقسیم کردیا گیا، شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ہم مایوسی کو ختم کریں گے،2017 میں ترقی کے جس سفر کو روکا گیا تھا اسے 8 فروری کے بعد دوبارہ شروع کریں گے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترقی کے سفر کا دوبارہ آغاز تو ہوگا لیکن قوم کے 7 سال برباد کیے گئے، موجودہ ماحول میں تقسیم ایک یا دو سال میں ختم نہیں ہوگی مگر ہم نفرت کو ختم کرکے قوم کو اکٹھا کریں گے، اگر اس دوران سیاست نہ بچی ریاست بچ گئی تو کوئی افسوس نہیں ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ملک کا سب سے بڑا چیلنج نوجوان نسل ہے، ووکیشنل ٹریننگ ہو یا ارفع کریم ٹاور، نوجوان نسل تعلیم حاصل کررہی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم اسکول کی سطح پر آٹھویں یا نویں جماعت کے لیے ووکیشنل ٹریننگ دیں گے، ہم نے پنجاب اسکلز گورنمنٹ کمپنی بنائی تاکہ بچے اور بچیوں کو ہنر سکھا سکھیں، شہباز شریف نے بتایا کہ نوازشریف کے دور میں لاکھوں طالب علموں کولیپ ٹاپ بھی دیے گئے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں ہسپتال میں مفت ادویات اور پی کے ایل آئی ہسپتال بنایا گیا، مسلم لیگ (ن) کے دور میں الٹرا ساؤنڈ، سٹی اسکین اور فری لیب بنائی گئیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے قیام پاکستان کے وقت تو زراعت پر کام ہوا لیکن اب کچھ نہیں ہو رہا ہے، گندم اور گنےکی فصل کے لیے دنیا نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی اور 4،4 فصلیں ایک ہی سال میں پیدا کیں ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ایک دن آئے گا اور کشکول ٹوٹ جائےگا۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے پیغام دیا کہ نفرت پھیلانے کے بجائے محبتیں بانٹیں۔

تبصرے (0) بند ہیں