بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی فرنچائز باریسال فورچون اور خود پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے اپنے متعلق میچ فکسنگ کے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

باریسال فورچون کے مالک میزان الرحمٰن نے کہا کہ شعیب ملک پر فکسنگ الزامات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شعیب ملک اچھے کرکٹر ہیں انہوں نے ہمارے لیے پرفارم کیا ہے، ان پر ایسے الزامات لگانے والوں پر افسوس ہوا۔

دوسری جانب شعیب ملک نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر آفیشل بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے متعلق گردش کرنے والی حالیہ افواہوں کی تردید کرتا ہوں، میں نے اپنے کپتان تمیم اقبال کے ساتھ مکمل بات چیت کی اور ہم نے باہمی طور پر آگے کی منصوبہ بندی کی ہے دبئی میں مصروفیت کی وجہ سے مجھے بنگلہ دیش لیگ چھوڑنی پڑی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو آگے پھیلانے سے قبل اس کی تصدیق کرنا بہت ضروری ہے، جھوٹ ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور غیر ضروری پریشانی پیدا کر سکتا ہے۔‘

یاد رہے کہ کچھ روز قبل شعیب ملک پر میچ فکسنگ کا الزام عائد ہوا تھا جس کی بنیاد شعیب ملک کی باریسال فورچون کے لیے بی پی ایل 2024 کے میچ میں ناقص کارکردگی تھی۔

انہوں نے کھلنا ٹائیگرز کے خلاف صرف ایک اوور میں 3 نو بالز کیں اور 18 رنز دیے اور میچ کے دوران ڈیتھ اوورز میں 6 گیندوں پر صرف5 رنز بنائے تھے۔

شعیب ملک کی اس کارکردگی پر شائقین کرکٹ نے سوال اٹھانا شروع کردیے اور الزام عائد کیا کہ شعیب ملک نے نو بالز جان بوجھ کر پھینکی تھیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کرنے لگیں کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ نے کارروائی کرتے ہوئے معاہدہ ختم کر دیا ہے۔

بنگلہ دیشی اسپورٹس جرنلسٹ سید سمی نے ایکس پر پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کرتےہوئے کہا تھا کہ فارچیون باریشال نے شعیب ملک کا معاہدہ فکسنگ کے شبے میں ختم کر دیا ہے۔

معاہدہ ختم ہونے کے بعد شعیب ملک بی پی ایل چھوڑ کر دبئی روانہ ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں