سکھر اور کشمور میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی گئی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق سکھر میں پیپلزپارٹی امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران جدید ہتھیاروں سے ہوائی فائرنگ کی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سکھر کے کچے کے علاقے میں پیپلزپارٹی امیدوار ناصر حسین شاہ اور نعمان شیخ کی آمد کی خوشی میں جدید اسلحہ سے فائرنگ کی گئی، راکٹ لانچر سمیت بھاری ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی۔

دوسری جانب کشمور کے حلقہ این اے 191 پر پیپلزپارٹی امیدوار علی جان مزاری کی انتخابی مہم کے دوران شدید ہوائی فائرنگ کرکے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔

پیپلزپارٹی امیدوار علی جان مزاری کی کچے کے علاقے گھیل پور میں انتخابی مہم کے دوران اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ پر پابندی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں