اسمارٹ فون بنانے والی جنوبی کورین ملٹی نیشنل کمپنی سام سنگ نے سافٹ ویئر اپڈیٹ کے ذریعے گلیکسی سام سنگ ایس 24 سمیت دیگر گلیکسی فونز میں کال ریکارڈنگ کا فیچر پیش کردیا۔

کال ریکارڈنگ کا فیچر پہلے بھی مختلف کمپنیوں نے پیش کر رکھا ہے، جس پر ایسی کمپنیز کو تنقید کا بھی سامنا ہے۔

تاہم اب سام سنگ نے بھی سافٹ ویئر اپڈیٹس کے ذریعے مذکورہ فیچر کو پیش کردیا گیا۔

سام سنگ نے اپنے اپڈیٹ سافٹ ویئر OneUI 6.1 میں وائس اوور وائی فائی کال ریکارڈنگ کا فیچر پیش کیا ہے اور اس فیچر کے تحت صارف اس وقت ہی کال ریکارڈنگ کر سکے گا جب کہ اس کا موبائل تیز ترین وائی فائی سے منسلک ہوگا۔

مذکورہ فیچر کے تحت گلیکسی ایس 24 سمیت دیگر نئے گلیکسی فونز کے صارفین اپنی وائس اور ویڈیو کالز ریکارڈ کر سکیں گے، تاہم انہیں کالز ریکارڈ کرنے کے لیے فون کے سیٹنگ میں جاکر تبدیلیاں کرنی پڑیں گی۔

سام سنگ کو بھی کال ریکارڈنگ کا فیچر پیش کیے جانے پر تنقید کا سامنا ہے، کیوں کہ زیادہ تر افراد کے مطابق کسی کی رضامندی کے بغیر کسی کی ویڈیو یا آڈیو کال ریکارڈ کرنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سام سنگ کو مذکورہ فیچر پیش کیے جانے پر متعدد ممالک میں قانونی کارروائیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں