پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال نومبر میں ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ سنبھالنے والے محمد حفیظ کے عہدے میں توسیع نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد حفیظ کے عہدے میں توسیع نہ دینے کی منظوری دے دی جبکہ پی سی بی نے اپنے فیصلے سے محمد حفیظ کو آگاہ کردیا ہے۔

ایکس کے ذریعے آفیشل بیان دیتے ہوئے پی سی بی نے محمد حفیظ کی خدمات کو سراہا، بطور ڈائریکٹر ان کے کردار اور کھلاڑیوں پر ان کے مثبت اثرات کو تسلیم کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا ان کی خدمات کے لیے شکرگزار ہے، اس کےعلاوہ بورڈ نے محمد حفیظ کو ان کی مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’محمدحفیظ کے کھیل کے لیے جنون نے کھلاڑیوں کو متاثر کیا ہے اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران ان کی رہنمائی بہت اہمیت کی حامل رہی ہے، پی سی بی محمد حفیظ کو ان کی مستقبل کے لیے کامیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے۔‘

یاد رہے کہ محمد حفیظ کا کنٹریکٹ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ تک تھا، پی سی بی محمد حفیظ کی جگہ کسی اور کی تعیناتی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا محمد حفیظ کو سابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کے دور میں ملکی آرتھر کی جگہ رکھا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں