پولیس نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں 7سالہ بچے کے قتل کے ملزم کو پکڑنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کے 16سالہ کزن نے ذاتی عناد کی بنا پر اس کا قتل کیا۔

ایس ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ پولیس نے 16سالہ ملزم کو گرفتار کیا ہے جس کی شناخت سفیان حنیف کے نام سے ہوئی ہے۔

سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار ملزم مقتول ابان کا کزن ہے اور اس نے ابان کو اس لیے قتل کیا کیونکہ وہ اس سے ناراض تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی والدہ طلاق یافتہ ہیں اور وہ اپنے ماموں اور ابان کے والد کے ساتھ رہ رہا تھا۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ میں ابان کی دیکھ بھال کر کے تنگ آچکا تھا، مجھے یہ بھی اچھا نہیں لگتا تھا کہ ابان اپنے والد سے میری شکایت کرتا رہتا تھا اور وہ اسے ہر وقت نصیحت کرتے رہتے تھے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ لڑکا غائب ہو گیا ہے لیکن پولیس نے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جس میں سفیان کو ابان کو ساتھ لے جاتے دیکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تفتیش کاروں نے فوٹیج مقتول کے والد کو دکھائی جس کے بعد پولیس نے ملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اس نے اپنے کزن کو قتل کرنے کا ’اعتراف‘ کر لیا۔

پولیس ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی باورچی خانے سے برآمد کر لیا۔

قبل ازیں سینٹرل ایس ایس پی نے تفتیش کاروں کی ٹیم کے ہمراہ مقتول ابان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔

ابان کے والد ایک فارما کمپنی میں کام کرتے ہیں جبکہ ان کی والدہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں کام کرتی ہیں۔

والد نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ اپنی نوکری پر جاتے تو ان کا بھنجا سفیان ان کے بیٹے کی دیکھ بھال کرتا تھا اور سفیان نے والدین کو اطلاع دی تھی کہ بدھ کی دوپہر ابان لاپتا ہو گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کزن کو قتل کر کے اس نے بڑی غلطی کی ہے۔

انہوں نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ ابان کو مرکزی دروازے سے دھوبی گھاٹ کے قریب جھاڑیوں میں لے گیا اور وہاں لے جا کر چاقو سے قتل کردیا۔

ملزم نے کہا کہ میں ابان سے بہت ناراض تھا، وہ ماموں سے میری بہت شکایتیں کیا کرتا تھا۔

16سالہ ملزم نے مزید بتایا کہ اس نے نیلے رنگ کا چاقو استعمال کیا جسے اس نے دھونے کے بعد گھر کے کچن میں واپس رکھ دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں