پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 318 پوائنٹس اضافے سے 66 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 10 بج کر 53 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 318 پوائنٹس یا 0.48 فیصد بڑھ کر 66 ہزار 44 پر جا پہنچا تھا۔

تاہم کاروبار کے اختتام تک رجحان منفی میں تبدیل ہو گیا اور انڈیکس 69 پوائنٹس یا 0.11 فیصد تنزلی سے 65 ہزار 656 پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز (4 مارچ) کو انڈیکس میں 626 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد کے ایس ای-100 انڈیکس 65 ہزار 951 پر بند ہوا تھا۔

یکم مارچ کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 747 پوائنٹس اضافے سے 65 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی۔

اس سے ایک روز قبل (29 فروری) بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 875 پوائنٹس اضافے سے 64 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے کہا کہ اسٹاک میں اضافے کے رجحان کی وجہ وفاق میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے صورتحال کا مزید واضح ہونا ہے۔

اکثیر ریسرچ کے ڈائریکٹر اویس اشرف نے بھی یہی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، جس کے نتیجے میں نئی حکومت کے حوالے سے صورتحال واضح ہوئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں