صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق ہو گئے اور پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دے دیا۔

سینٹرل ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ جمال دین اور حیات اللہ کو ایف بی بلاک 20 میں لطیف ٹیرس کے قریب نامعلوم ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

انہوں نے مقتولین بھائی اور افغانی شہری تھے، وہ سہراب گوٹھ میں اپنی رہائش گاہ سے آئے تھے اور مبینہ طور پر شادی کی تقریب کے لیے ایک کار کرائے پر لینا چاہتے تھے۔

پولیس افسر کے مطابق دونوں بھائی گاڑی کا جائزہ لے رہے تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد وہاں پہنچے اور سیدھی ان کے سروں پر گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ایس ایس پی ذیشان صدیقی نے ڈکیتی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ قاتل سہراب گوٹھ میں گھر سے ہی ان کا پیچھا کر رہے تھے۔

انہوں نے مشتبہ افراد بھی افغان شہری معلوم ہوتے ہیں اور یہ دوہرے قتل کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں