چائلڈ اسٹار کو رمضان ٹرانسمیشن میں مدعو کرنے پر وسیم بادامی کو تنقید کا سامنا

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2024
شان رمضان اور جیتو پاکستان جیسے شوز میں بچے عام طور پرمقابلوں میں حصہ لیتے ہیں اور ہنسی مذاق بھی کرتے ہیں۔ فوٹو: کینوا
شان رمضان اور جیتو پاکستان جیسے شوز میں بچے عام طور پرمقابلوں میں حصہ لیتے ہیں اور ہنسی مذاق بھی کرتے ہیں۔ فوٹو: کینوا

صحافی اور نامور میزبان وسیم بادامی کو رمضان ٹرانسمیشن ’شانِ رمضان‘ میں سوشل میڈیا چائلڈ اسٹار اور یوٹیوبر محمد شیراز کو مدعو کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

اداکارہ مشی خان نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بعدازاں سوشل میڈیا صارفین کے سخت ردعمل کے بعد وسیم بادامی نے بھی وضاحت کردی۔

مارننگ شوز ہوں یا رمضان ٹرانسمیشنز، تفریحی پروگراموں میں بچوں کو شامل کرنے کا رجحان عام ہوگیا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ بچوں کو شامل کرنے کا بنیادی مقصد وائرل کانٹینٹ میں اضافہ کرنا یا صرف ویوز حاصل کرنا ہے۔

شان رمضان اور جیتو پاکستان جیسے شوز میں بچے عام طور پر میزبانی کرتے یا دوسرے مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں اور ہنسی مذاق بھی کرتے ہیں۔

کچھ صارفین بچوں کو رمضان ٹرانسمیشن میں شامل کرنے کی حمایت کرتے ہیں تو کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس طرح بچوں کی معصومیت اور ان سے ان کا بچپن چھینا جارہا ہے۔

اداکارہ مشی خان نے چائلڈ اسٹار احمد شاہ کا حوالہ دیتےہوئے کہا کہ ’پہلے احمد شاہ کی معصومیت اور بچپن چھین لیا گیا ، کسی کو تو چھوڑ دیں اور معصوم رہنے دیں، اپنی محنت سے مشہور ہونے والے بچوں کو شہروں میں لاکر تماشے شروع ہوجاتے ہیں۔‘

اس کے جواب میں وسیم بادامی نے شان رمضان کی براہ راست نشریات کے دوران واضح کیا کہ ان کے سیٹ پر چائلڈ اسٹارز کے ساتھ فیملی ممبرز جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے چینل انتظامیہ کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کا خیال رکھا جاتا ہے، اس کےعلاوہ ان کی تعلیم اور صحت کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔

وسیم بادامی نے کہا کہ ’جو میں اپنے بیٹے کے لیے جو بہتر سمجھوں گا یا جو بہتر نہیں سمجھوں گا وہی ان چائلڈ اسٹاز یا بھی دوسرے بچے کے لیے بہتر سمجھوں گا کیونکہ میں خود صاحب اولاد ہوں اور مقافات عمل پر یقین رکھتا ہوں۔‘

محمد شیراز کون ہے؟

سیاچن کی پہاڑیوں پر بسے 2 ہزار لوگوں کے ایک چھوٹے سے گاؤں گلگت بلتستان کے غرسے سے تعلق رکھنے والے محمد شیراز پانچ سالہ بلاگر اور یوٹیوبر ہے، وہ یوٹیوب پر اپنی روزمرہ کی سرگرمیاں اپ لوڈ کرتے ہیں۔

ایک ماہ کے اندر ان کے چینل نے انہیں پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی مشہور بنا دیا ہے، وہ پہلی جماعت کے طالب علم ہیں اور بعض اوقات اپنی بہن مسکان کے ساتھ بھی ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہیں جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

احمد شاہ کون ہے؟

احمد شاہ نے 2019 کے آغاز میں سوشل میڈیا پر اس وقت شہرت حاصل کی تھی جب انہیں کچھ مزاحیہ ویڈیوز میں ’پیچھے تو دیکھو‘ جیسے ڈائیلاگ بولتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

مذکورہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد احمد شاہ کو متعدد مارننگ شوز اور گیم شوز میں بلایا گیا تھا اور انتہائی کم عمری میں انہیں کئی کئی گھنٹے ٹی وی سیٹ پر بٹھایا گیا اور ان کے ساتھ مذاق کیا جاتا رہا، جس پر لوگوں نے مارننگ شوز اور گیم شوز کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

مارننگ شوز میں شہرت حاصل کرنے کے بعد احمد شاہ نے اپنا یوٹیوب چینل کھولا، جس پر انہوں نے 100 کے قریب ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں اور انہیں لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں