اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 مقدمات اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت کے کیس میں آئندہ سماعت پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے مقدمے کی سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اورخالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز میں جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ جیل حکام نے آج یقین دہانی کروائی تھی کہ حاضری کروا دیں گے، آج حاضری لگوا کر ان کی طرف سے بحث سن لیں گے۔

اس پر وکیل سلمان سفدر نے کہا کہ ہم نے اڈیالہ جیل جانا ہے ، کورٹ اسٹاف کو بھیجنا ہو تو ساتھ لے جا سکتا ہوں اس پر جج نے کہا کہ ایسے نہیں ہوتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کی حاضری لگوانے تک کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر اڈیالہ جیل حکام نے آج بھی بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہیں لگوائی۔

اڈیالہ جیل حکام نے پولیس افسر کے ذریعے عدالت میں جواب جمع کروایا ، حکام کے جواب کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل چل رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کی آج وڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگانا مشکل ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ اڈیالہ جیل حکام نےکہا ہے کہ انٹرنیٹ کا لِنک ڈاؤن ہے۔

اس پر جج جج طاہرعباس سِپرا نے ریمارکس دیے کہ نیٹ کیوں نہیں ٹھیک ہورہا ہے؟ کیا تکلیف ہوگئی ہے نیٹ کو؟ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دوبارہ شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل انٹرنیٹ سے متعلق ٹیکنیکل رپورٹ عدالت جمع کروائیں۔

بعد ازاں عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو آئندہ سماعت پر حاضری کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو ویڈیو لنک سسٹم ٹھیک کروا کر بانی پی ٹی آئی کی حاضری لگوانے کا حکم دے دیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سماعت پر اڈیالہ جیل کے حکام نے سابق وزیر اعظم عمران خان ، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کیس کی سماعت کے دوران آن لائن حاضری نا لگوانے سے متعلق رپورٹ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جمع کروادی تھی۔

رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کے مسئلہ کی وجہ سے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی ویڈیو لنک پر حاضری نہیں لگوائی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے گزشتہ سماعت پر اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 6 مقدمات اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں دائر درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران ویڈیو لنک پر درخواست گزاروں کی عدم پیشی پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا تھا۔

اس سے قبل سماعت پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ویڈیولنک حاضری کا حکم دیا تھا.

عدالت نے ہدایت دی تھی کہ سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ملزمان کی ویڈیو لنک حاضری کو یقینی بنائیں، جس کے بعد عدالت نے سماعت 6 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔

اس سے قبل ہونے والی سماعت میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کی 6 مقدمات اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر جج نے اظہار برہمی کیا تھا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول ، رمنا ، سیکرٹریٹ ، کوہسار ، اور تھانہ کراچی کمپنی میں 6 مقدمات درج ہیں جبکہ بشری بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں