جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

اسلام آباد میں رہنما پیپلزپارٹی نیئر بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں، ایک ہفتہ قبل صدر آصف علی زرداری سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی تھی، انہوں نے مجھے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی زندگی میں جمعیت علمائے اسلام کے علاوہ کسی جماعت میں نہیں رہا لیکن اس وقت پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں، ملک میں معاشی بدحالی ہے، ملک اس وقت مسائل میں گھرا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بحران سے گزر ررہا ہے جس سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے، میں مختلف عہدوں پر کام کرتا رہا ہوں، میری زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی زندگی صاف ستھری گزارنے کی کوشش کی ہے، گزشتہ 18 برس کے دوران حکومتِ پاکستان سے کوئی مراعات یا تنخواہ نہیں لی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ میں قومی سطح پر کوئی کام کرسکوں اور موجودہ حالات میں قومی سطح پر پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی جماعت نظر نہیں آتی۔

اس موقع پر رہنما پیپلزپارٹی نیئربخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود کو پیپلزپارٹی میں خوش آمدید کہتےہیں، انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کارروائی میں سینیٹر طلحہ محمود کا بھرپور کردار رہا ہے، 2006 سے سینیٹر طلحہ محمود خیبرپختونخوا سے مسلسل سینیٹر منتخب ہوتے آئے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ پیپلزپارٹی میں بھی ان کا مثبت کردار ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں