الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے مقدمے میں نومنتخب ارکان کی درخواستیں منظور کرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبے میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ حلف نہ لینے کی صورت میں الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہو گا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ مخصوص نشستوں پر نئے ارکان سے حلف نہ لیا گیا تو صوبے میں سینیٹ الیکشن کی تاریخ میں توسیع کر دی جائے گی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے کیس میں اپوزیشن ممبران کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسپیکر کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دے دیا تھا۔

تحریری فیصلے میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا گیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر ممبران کو رول آف ممبرز پر دستخط کی اجازت دے اور مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی بھی اجازت دی جائے۔

اس میں کہا گیا کہ 2 اپریل کو ہونی والے سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے بھی سہولت فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مقدمے کی سماعت جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے کی، خیبرپختونخوا کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں نے ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی تھی، عدالت میں اسپیکر، امیدواروں کے وکلا نے دلائل دیے اور ایڈووکیٹ جنرل نے بھی معاونت کی تھی۔

بعد ازاں عدالت نے اس مقدمے میں فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

تاہم آج سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں پر حلف لینے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تبصرے (0) بند ہیں