بلوچستان کے شہر گوادر میں آنکاڑہ ڈیم کے علاقے میں پاک فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ پر حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم ضلع گوادر میں آنکاڑہ ڈیم کے علاقے میں بارودی سرنگیں ہٹانے میں مصروف تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

گولیاں لگنے سے 2 سیکیورٹی اہلکار موقع پر ہی شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔

گوادر کے ایس ایس پی محسن زوہیب نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ گوادر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور پیش آیا، جس میں 2 افراد شہید اور 4 زخمی ہوئے، واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو جی ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سپاہی ظہور اور الطاف کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں حوالدار ساجد حسین، سپاہی تجمل حسین، سپاہی ابرار احمد اور سپاہی گل حیدر شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں