ننھے پاکستانی حافظ نے عالمی مقابلہ قرات اپنے نام کرلیا

01 اپريل 2024
فوٹو: انٹرنیشنل قرآن نیوز ایجنسی
فوٹو: انٹرنیشنل قرآن نیوز ایجنسی

عراق میں ہونے والے عالمی مقابلہ حسن قرات میں ننھے پاکستانی حافظ قرآن نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

انٹرنیشنل قرآن نیوز ایجنسی ویب سائٹ کے مطابق عراق میں عالمی مقابلہ حسن قرات میں پاکستانی قاری حافظ محمد ابو بکر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

مقابلہ حسن قرات جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر محمد ابوبکر اور ان کی تلاوت کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، صارفین ننھے بچے کی عمدہ تلاوت کو سراہ رہے ہیں۔

اس مقابلے میں 21 ممالک سے تعلق رکھنے والے بچوں نے حصہ لیا تھا، یہ مقابلہ کئی راؤنڈ پر مشتمل تھا، بڑوں اور بچوں کی الگ الگ ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل اور فائنل کا مقابلہ ہوا۔

بچوں کے مقابلے میں محمد ابو بکر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ دوسری پوزیشن عراق کے قاری اور تیسری پوزیشن ایران کے قاری نے حاصل کی۔

فاتحین کو اعزازی شیلڈز کے ساتھ ساتھ نقد انعامات سے بھی نوازا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ عالمی مقابلہ قرات جیتنے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد ابوبکر کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہر مانسہرہ سے ہے اور وہ آٹھویں جماعت کے طالب علم ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں