اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتےہوئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

گزشتہ روز امریکی ریاست نیو جرسی اور نیویارک سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے سے بلندو بالا عمارتیں لرز اٹھیں تھیں تاہم کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

جب زلزلہ آیا اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی جاری تھا جہاں غزہ میں اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے والی خواتین اور بچوں کی خراب صورتحال پر بھی گفتگو کی جارہی تھی۔

’سیو دی چلڈرن‘ کے صدر اور سی ای او جینتی سوریپٹو غزہ میں بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی گفتگو کررہی تھیں کہ کس طرح جنگ کی وجہ بچے تعلیم کے حق سے محروم ہیں۔

اسی دوران اچانک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور اسپیکر جینتی سوریپٹو کچھ دیر کے لیے خاموش ہوگئیں اور پھر کہا کہ ’کیا یہ زلزلہ تھا؟‘

جس پر فلسطینی سفیر ریاض منصور نے کہا کہ ’آپ کی باتوں نے تو زمین ہلا دی‘۔

تاہم جینتی سوریپٹو نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’غزہ میں 80 فیصد تعلیمی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں۔‘

تبصرے (0) بند ہیں