کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ناظم آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے مکان میں دراڑیں

14 اپريل 2024
ناظم آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے مکان کی چھت اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں—فوٹو:ڈان نیوز
ناظم آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے مکان کی چھت اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں—فوٹو:ڈان نیوز
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا—فوٹو:ڈان نیوز
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز اور ہلکی بارش کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ ناظم آباد اور کلفٹن میں آسمانی بجلی گرنے سے مکان کی چھت اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ، ماڑی پور، صدر، میٹروول، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی، کورنگی، کیماڑی، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ فیصل کے علاقوں میں بارش ہوئی۔

ایف بی ایریا، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد، کلفٹن، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ، شیرشاہ میں بھی بادل برسے، بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 20، فیصل بیس پر 17، یونیورسٹی روڈ پر 14 اعشاریہ 5 اور ایئرپورٹ پر 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ سرجانی، ملیر، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

کلفٹن میں دار دھماکے سے آسمانی بجلی گرنے کے باعث علاقہ مکینوں کے دل دہل گئے جب کہ نیا ناظم آباد میں آسمانی بجلی ایک گھر پر گرگئی جس کے باعث عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جس میں مختلف ایسے مقامات کا جائزہ لیا جہاں عام طور پر بارش کے دوران پانی جمع ہوجاتا ہے اور نکاسی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بارشوں کے بعد کراچی میں مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کردی۔

ایس بی سی اے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے رین ایمرجنسی سینٹر بھی قائم کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش برسانے والا ایک اور سسٹم 17 اپریل کو کراچی میں داخل ہوگا جس کے زیر اثر بھی کراچی میں تیز بارش متوقع ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں